منڈی// پونچھ کی غیر سرکاری تنظیم اے پی جے عبدالکلام ہیومن ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے سوموار کو ضیاالعلوم ہائی اسکول کامسر میں ایک کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس میں 100 سے زائد غریب و مسکین بچوں کو مفت اسکولی بستے فراہم کئے گئے ۔ اس تقریب میں ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ حمید شیخ بطورِ مہمانِ خصوصی اور ایڈیشنل سپرانٹنڈنٹ پولیس پونچھ انوارالحق بطورِ مہمانِ اعزازی شریک تھے ۔فائونڈیشن کی طرف سے دس سرکاری اسکول کے سو سے زائد بچوں کو مفت اسکولی بستے فراہم کئے گئے ۔اس موقعہ پر کلام فاؤنڈیشن کے صدر خلیل احمد بانڈے نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے تنظیم کی کارکردگی پر بھی روشنی ڈالی ۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں میں دن کا کھانا اور کتابیں تو فراہم کی جاتی ہیں لیکن بچوں کو اداروں سے اسکولی بستے دستیاب نہیں ہوتے اور اسی بات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے فاؤنڈیشن نے اس طرح کے کیمپ کا اہتمام کیا ۔خلیل بانڈے نے کہا کہ کلام فاؤنڈیشن کا مقصد ہمیشہ سے غریب مسکین اور یتیم طالب علموں کو ایسے مواقع فراہم کرنا رہا ہے جس سے وہ تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوں اور اس کی ایک کڑی آج انجام دی جا رہی ہے۔ان کاکہناتھاکہ فاؤنڈیشن کی جانب سے اس طرح کی تقریبات کا اہتمام مستقبل میں بھی کیا جاتا رہے گا تاکہ غریب و مسکین بچوں کو علم کی حصولی میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ حمید شیخ نے کلام فاؤنڈیشن کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ یہ تنظیم مبارکباد کی مستحق ہے جس نے ماضی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس طرح کی تقریب کا اہتمام کیا۔ ان کے مطابق ہر انسان کو اپنا بنیادی فرض سمجھتے ہوئے اس طرح کے کاموں میں حصہ لینا چاہیے جو سماج کی فلاح و بہبود کے لئے ہو ۔انوار الحق نے بھی کلام فاؤنڈیشن کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں ایسے پروگراموں کی اشد ضرورت ہے کیونکہ سماج کے غریب و مسکین طبقے کے بچوں میں آگے بڑھنے کی صلاحیت توہے لیکن وسائل کی کمی کی وجہ سے وہ اپنی قابلیت کو بروئے کار نہیں لا پاتے۔انہوںنے کہا کہ ہر انسان کو ذاتی طور پر ایسے کاموں میں حصہ لینے کی بھرپور کوشش کرنی چاہیے ۔ تقریب میں ضیاالعلوم پونچھ کے چیئرمین مولانا سعید اے حبیب ، ضلع بار ایسوسی ایشن پونچھ کے صدر محمد زمان ، چیف میڈیکل آفیسر پونچھ ڈاکٹر ممتاز بھٹی ، لعل حسین مشتاق ، اے آر ٹی او پونچھ عبدالرحیم ،منیجر ڈی آئی سی پونچھ وحید احمد ، ریٹائرڈ ضلع زراعت آفیسر پونچھ اقبال بھٹی ، ریٹائرڈ پرنسپل نریندر سنگھ، پرنسپل جامیہ ضیاالعلوم پونچھ وحید بانڈے ، سینئر کانگریس لیڈر تاج میر معروف ناظم پردیپ کھنا ، جنرل سیکریٹری رہبرِ تعلیم فورم جموں نجم جعفری ، افتخار بزمی ، طاہر محمود ، ماسٹر کرتار چند اور ماسٹر بلبیر سنگھ بھی موجود تھے جن سبھی نے تنظیم کی ستائش کی ۔ آخر پر سیّد نصرت کاظمی صدر ایس آر کے پیس فاؤنڈیشن نے آئے ہوئے مہمانان اور صحافیوں کا شکریہ ادا کیا۔اس دوران نظامت کے فرائض گوجر بکروال ایمپلائز ایسو سی ایشن کے صدراسد نعمانی نے انجام دیئے ۔