نئی دہلی // کانگریس جنرل سکریٹری دگ وجے سنگھ نے کہا کہ اگر حکمت عملی صحیح ہو تو وزیر اعظم نریندر مودی کو نہ صرف وارانسی سے بلکہ ملک کے کسی بھی حصے میں شکست دی جا سکتی ہے ۔ مسٹر سنگھ نے ایک پرائیویٹ ٹی وی چینل کو دیئے انٹرویو میں کہا کہ کانگریس صدر راہل گاندھی کی پوری کوشش ہو گی کہ وہ 2019 کے عام انتخابات میں مسٹر مودی کو شکست دیں۔ خیال رہے کہ اس سے قبل مسٹر گاندھی نے کہا تھا کہ متحد اپوزیشن کے آگے 2019 جیتنا تو دور، وزیر اعظم خود اپنی وارانسی سیٹ بھی گنوا دیں گے ۔ انہوں نے متحد اپوزیشن کی طرف سے مسٹر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں شکست دینے کے خیال کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پھول پور اور گورکھپور کے ضمنی انتخابات اپوزیشن پارٹیوں کو متحد ہو کر بی جے پی کو شکست دینے کی مثال ہے ۔ کانگریسی لیڈر نے مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت میں فرقہ وارانہ کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے ۔ مودی حکومت کے گزشتہ چار سال میں انتظامیہ کی حالت خستہ اور معیشت تباہ ہو گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ تشدد سنگین تشویش ہے ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا''ضرور، میں سیاست میں رہوں گا، لیکن پکوڑا نہیں تلوں گا۔ تاہم میرے سیاسی مستقبل کا فیصلہ پارٹی کے لیڈر راہل گاندھی گے ''۔