سرینگر//دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے کہا ہے کہ کٹھوعہ کی آٹھ برس کی بچی کی عصمت دری اور قتل کے واقعہ میں چارج شیٹ دائر کئے جانے کے خلاف احتجاج دراصل جموں اور کٹھوعہ میں ہندو فسطائی عناصر کی مجرمانہ ذہنیت کا عکاس ہے۔جموں بار ایسو سی ایشن کی طرف سے چارج شیٹ دائر کئے جانے کے خلاف احتجاج ثابت کرتا ہے کہ ان عناصر میں انسانیت اور اخلاق نام کی کوئی چیز ہی نہیں۔ان کے اذہان و قلوب مسلمانوں کی نفرت سے بھرے پڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ ذہنی طور بیمار ہیں اور مسلمانوں کی نفرت میں اندھے یہ لوگ دیکھ بھی نہیں پارہے کہ اس معصوم بچی کے ساتھ کیا وحشیانہ جرم کیا گیا۔اندرابی نے کہا کہ اس واقعہ سے یہ فسطائی بے نقاب ہوگئے ہیں۔ اس واقعہ نے دکھا دیا ہے کہ ان کے دل میں مسلمانوں کیلئے کتنی نفرت ہے اور اس نفرت کو نبھانے کیلئے یہ کس حد تک گر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاہم یہ حوصلہ افزاء بات ہے کہ پونچھ راجوڑی اور دیگر اضلاع کی بار ایسو سی ایشنوں نے جموں بار ایسو سی ایشن کا اس امر میں ساتھ نہیں دیا اور ثابت کردیا کہ مسلمانان جموں کشمیر ان فسطائی طاقتوں کا رد کرتے ہیں۔ مسلمانان جموں و کشمیر ایک جسد واحد ہے اور متحدہ طور بھارت اور فسطائی طاقتوں کے خلاف کھڑے ہیں۔