مظفر آباد// متحدہ جہاد کونسل چیئرمین اور حزب المجاہدین سربراہ سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ بھارت آخر کب تک معصوم شہریوں اور بچوں کا خون بہا کر زمینی حقائق کو تسلیم کرنے سے انکار کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کھڈونی کے شہریوں نے دنیا کو یہ واضح پیغام دیا کہ تحریک آزادی کی جدوجہد میں مصروف جوانانِ ملت دہشت گرد نہیں، آزادی کے متوالے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فرزندانِ ملت ،جنہوں نے اسلام آباد میں جانوں کے نذرانے پیش کئے اور پیلٹ اور گولیاں اپنے سینوں پر کھائیں، اُن کا مقام عسکری جوانوں سے بھی اعلیٰ ہے۔ صلاح الدین نے کہا کہ بھارت اور اُس کے حواریوں کو جان لینا چاہئے کہ اُن کا مقابلہ صرف مٹھی بھر مجاہدین نہیں کر رہے، بلکہ پوری قوم مزاحمت کے سفر پر گامزن ہے۔ اس صورتحال کا دانشمندانہ تقاضہ یہ تھا کہ بھارتی حکمران نوشتہ دیوار پڑھ لیتے اور زمینی حقائق کا ادراک کرکے کشمیریوں کو اپنی تقدیر کا فیصلہ کرنے کا موقع فراہم کرتے، لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ بھارتی قیادت ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرکے پورے خطے کے امن کو دائو پر لگا رہی ہے۔