سرینگر//جموں وکشمیر بچائو تحریک کے صدر اور سابق وزیراعبدالغنی وکیل نے ان وکلاء کے لائسنس منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے جنہوں نے حال ہی میں کٹھوعہ عدالت میں آصفہ کے کیس میں کرائم برانچ کو اپنے فرائض نبھانے میں رکاوٹ ڈالنے کی شرمناک کوشش کی ۔انہوں نے کہا کہ حیرانگی کی بات ہے کہ کچھ مفاد خصوصی رکھنے والے مجرموں کی حمایت کرکے اس سانحہ کو سیاسی رنگت دے رہے ہیں ۔ حالانکہ یہ ایک انسانی معاملہ ہے اور اس کو انسانیت کی نظر سے ہی دیکھنا چاہئے۔نوپورہ سوپور میں پارٹی کے کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے وزیر سیاحت تصدق مفتی کے اس بیان کو حقیقت پر مبنی قرار دیا ہے کہ موجودہ مخلوط سرکار اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اخلاقی طور تصدق مفتی کو اپنا بیان شائع کرنے کے وقت ہی اپنے عہدے سے مستعفی ہونا چاہئے تھا۔ ورنہ عوام ان کے بیان کو سیاسی شعبدہ بازی اور سفید جھوٹ سے تعبیر کرے گا۔