سرینگر// ملازمین کے مشترکہ اتحاد ایجیک(ق) نے7ویں تنخواہ کمیشن میں پبلک سیکٹر یونیٹوں کو نظر انداز کرنے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ اور وزیر خزانہ کو از خود اس معاملے میں مداخلت کرنے کی درخواست کی۔ایجیک(ق) کی میٹنگ عبدالقیوم وانی کی سربراہی میں منعقد ہوئی،جس کے دوران سرکار سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فوری طور پر7ویں تنخواہ کمیشن کو لاگو کرنے کے علاوہ تنخواہوں میں تفاوت اور سرکاری ملازمین،پنشنروں اور پبلک سیکٹر ملازمین طبی بیمہ پالیسی کو لاگو کریں۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی روایت کے تحت کمیشن کا اطلاق سرکاری و پبلک سیکٹر ملازمین کے علاوہ پنشنروںپر ہوتا ہے۔وانی نے کہا کہ اس سلسلے میں انہوں نے ریاستی وزیر خزانہ سید الطاف بخاری کی نوٹس میں بھی یہ بات لائی ،اور انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ، پبلک سیکٹر ملازمین کے ساتھ کوئی بھی نا انصافی نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ کا ملازم دوست اپروچ کارپریشنوں اور پبلک سیکٹریونیوٹوں کے غریب ملازمین کو مایوس نہیں ہونے دینگے،اور انکے ساتھ بھی انصاف کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر اس سلسلے میں پبلک سیکٹر ملازمین کو نظر انداز کیا گیاتو ایجیک اس پر خاموشی اختیار نہیں کرے گی۔میٹنگ میں فیاض شبنم،حاجی بشیر احمد،شبیر احمد لنگو عبدالاسلام راجپوری اور خورشید احمد بٹ بھی موجود تھے۔