بارہمولہ//لوگوں کو درپیش مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کرنے اور مسائل کے فوری حل کے لئے یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر مولوی عمران رضا انصاری نے پٹن میں ایک عوامی دربار کا انعقاد کیا جس میں بھاری تعداد میں ملحقہ علاقوں کے لوگوں اور سرکردہ شہریوں نے شرکت کی۔دربار کے دوران گوشہ بُگ پٹن، ٹریڈرس فیڈریشن پٹن، گوہول ٹنگہ پورہ، اندر گام پٹن، نہال پورہ، چندرہامہ، بو چُھو پوسناگ، فٹبال ایسوسی ایشن اور دیگر وفود نے وزیر موصوف کو مختلف معاملات اور مطالبات کے بارے میں جانکاری دی۔ عمران رضا انصاری نے متعلقہ افسروں کو معاملات کے حل کے لئے موقعہ پر ہی ہدایات دیں۔نہال پورہ کے وفد نے علاقے میں فروٹ منڈی کے قیام کا مطالبہ کیا کیونکہ علاقے میں باغبانی شعبہ کے فروغ اور میوہ پیداوار میں اضافی کی کافی گنجائش موجود ہے۔ماگرے پورہ کے وفد نے علاقے میں ویٹرنری اور کھیل میدان قائم کرنے کی مانگ کی جبکہ تاپر کے عوام نے بال کلُ نہر کی ڈریجنگ کا معاملہ اُٹھایا۔ٹریڈ یونین پٹن کی طرف سے مین مارکیٹ میں سڑک کو کشادہ کرنے کی مانگ کی گئی کیوں کہ یہاں لوگوں کو نقل و حرکت میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے ٹراما ہسپتال میں کم سے کم مدت میں کام کاج شروع کرنے کی مانگ کی۔ دیگر اہم مطالبات کے دوران پلہالن مڈل سکول کو ہائی سکول کا درجہ دینے، نالہ سکھناگ کے لئے اری گیشن پمپ دستیاب رکھنے اور تلگام والیگام کے لئے واٹر سپلائی سکیم کی سہولیت کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقعہ پر وزیر موصوف نے وفود اور عوام کو یقین دلایا کہ اُن کے جائیز مطالبات کو پورا کرنے کے لئے ترجیحی طور اقدامات کئے جائیں گے۔عوامی دربار میں ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ، ایس ایس پی بارہ مولہ، اے ڈی سی اور مختلف محکموں کے ایس ایز کے علاوہ جے ڈی پی، چیف میڈیکل افسر، چیف ایجوکیشن افسر، ضلع و سیکٹورل افسران کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔