کولگام+گاندربل// نور آباد کولگام کے مضافات میں ایک دلدوز حادثے میں دو افراد لقمہ اجل جبکہ دیگر12افراد زخمی ہوئے۔ادھر گاندربل میں 10 سالہ کمسن کنوئیں میں گرکر جاں بحق ہوگیا۔اتوار کی صبح ساڑھے دس بجے کے قریب اہر ہ بل سے کولگام کی طرف آرہی ایک ٹاٹا منی بس زیر نمبر کھوری بٹہ پورہ کے مقام پر الٹ گئی جس کے نتیجے میں گاڑی کا کنڈیکٹر نذیر احمد ماگرے ولد محمد امین ساکن وٹو موقعہ پر ہی ہلاک جبکہ گاڑی میں سوار 13مسافر زخمی ہوئے جن میں سے مصیب منظور وگے ولد منظور احمد ساکن منزگام علاج معا لجہ کے لئے سرینگر لے جاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ بیٹھا جبکہ دیگر زخمی افراد کو ضلع ہسپتال کولگام میں علاج معالجہ کے لئے داخل کیا گیابتایا جاتاہے کہ اس واقعہ کے بعد مقای لوگوں نے پبلک ہیلتھ سنٹر کھوری بٹہ پورہ سے ایمبولینس کی بر وقت فراہمی نہ ہونے کے خلاف زور دار احتجاجی مظاہرے کئے جس کی وجہ سے اہرہ بل کولگام سڑک پر ٹریفک کی آواجاہی میں خلل پڑ گیا ۔پولیس نے معاملے کی نسبت دمحال ہانجی پورہ پولیس سٹیشن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ۔دونوں نوجوانوں کی لاشیں جب انکے آبائی گاوئں پہنچائی گئیں تو وہاں کہرام مچ گیا۔زخمیوں کی شناخت منظور احمد شیخ ولد غلام قادر ساکن اسنور ، نصرینہ زوجہ ارشاد احمد نائیک ، آمینہ بانو زوجہ محمد مقبول خان، دلشادہ اختر زوجہ فیاض احمد ریشی ، محمد مقبول وانی ولد عبدالغفار وانی ساکنہ چک وٹو کے طور پر ہوئی ہے۔ ادھرگاندربل میں پیش آئے ایک المناک حادثہ میں 10 سالہ کمسن کنوئیں میں گرکر جاں بحق ہوگیا۔محمد عابد وانی ولد ظہور احمد ساکن کحچھن گاندربل سنیچرکوماں کے ساتھ نانیہال واقع چندرگیر سوناواری گیا ہوا تھا جہاں اتوارکو دیگر بچوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے کنویں میں گرکر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔اگرچہ اسے نزدیکی طبی مرکز منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ادھر جنوبی کشمیر میں کچھ روز قبل سڑک کے ایک دلدوز حادثہ میں جموںوکشمیر پولیس سے وابستہ کانسٹیبل وکی رینا زخمی ہوا تھا جسے بعد میں صورہ ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ پولیس بیان کے مطابق آئی آر پی 18بٹالین سے وابستہ پولیس کانسٹیبل وکی رینا جنوبی کشمیر میں سڑک حادثہ کے دوران بری طرح سے زخمی ہوا جسے علاج و معالجہ کے لیے صورہ ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔ اتوار کو پولیس کانسٹیبل کی حالت زیادہ خراب ہوئی اور وہ دم توڑ بیٹھا۔ پولیس کانسٹیبل کی وفات پر محکمہ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل شیش پال وید نے پولیس کانسٹیبل کی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کی ۔