سرینگر //وادی کے مختلف اضلاع میںبدھ کو طلبہ و طالبات پر فورسز اہلکاروں کی طرف سے ٹیر گیس شلنگ اور پیلٹ گن کے استعمال سے زخمی ہونے والے 20طالب علموں میں سے 4کو صدر اسپتال منتقل کیا گیا جن میں تین کی آنکھیں پیلٹ لگنے کی وجہ سے متاثر ہوئی ہیں۔ زخمی طالب علموں میں دو کی دائیں آنکھ جبکہ ایک کی بائیں آنکھ پر پیلٹ لگے ہیں تاہم تینوں زخمیوں کی آنکھوں میں ابتدائی جراحی عمل میں لائی گئی ہے۔ میڈیکل سپر انٹنڈنٹ صدر اسپتال سرینگر ڈاکٹر سلیم ٹاک نے کشمیر عظمیٰ کوبتایا ’’بدھ کو چار زخمی نوجوانوں کو صدر اسپتال سرینگر میں داخل کیا گیا جن میں 3کی آنکھوں میں زخم لگے تھے‘‘۔ انہوں نے کہ ایک نوجوان کی چھاتی ، ناک اور ٹانگوں میں پیلٹ لگے تھے تاہم چار وں زخمی نوجوانوں کی حالت مستحکم ہے۔