سرینگر//لندن میں مقیم کشمیری نژاد جج خورشید حسن درابو انتقال کرگئے۔ نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر عمر عبداللہ نے خورشید حسن درابو کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ یا درہے خورشید حسن درابو نیشنل کانفرنس کے صف اول کے رہنما مرحوم غلام احمد عشائی کے پوتے اور نیشنل کانفرنس کے ترجمان جنید عظیم متو کے قریبی رشتے دار تھے۔پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، پارٹی لیڈر تنویر صادق اور یوتھ نیشنل کانفرنس صدر سلمان علی ساگر نے بھی اس سانحہ ارتحال پر رنج وغم کا اظہار کیا ہے ۔ادھر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے خورشیداحمد درابو کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ یاسین ملک نے موصوف کی تحریک نوازی اور کشمیریوں کی آزادی کیلئے کاوشوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مخلص اور حلیم الطبع انسان تھے جن کی کمی ہمیشہ محسوس کی جاتی رہے گی۔ مرحوم کیلئے جنت نشینی کی دعا کرتے ہوئے یاسین ملک نے لواحقین کیلئے بھی صبر جمیل و جزیل کی دعا کی۔