سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیربصیر احمد خان نے پیر کو افسران کی ایک میٹنگ میں صوبہ کشمیر کے مختلف اضلاع میں ٹریفک کی صورتحال کاجائزہ لیا اور شاہراہوں پر تجاوزات ہٹانے اور ٹریفک قوانین کو نظر انداز کرنے والوں کے خلاف کاروائی کے احکامات صادر کئے۔انہوںنے نئے روٹ پلان ترتیب دینے کی ضرورت پر بھی زوردیا۔میٹنگ میں ترقیاتی کمشنر سرینگر،آئی جی پی ٹریفک کشمیر،کمشنر ایس ایم سی اورٹریفک ایڈوائزر کے علاوہ مختلف محکموں کے افسران اورنمائندے بھی موجود تھے جبکہ دیگر اضلاع کے ترقیاتی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر نے کہا کہ محکمہ نے ایک موثر ٹریفک نظام متعارف کیا ہے کیونکہ یہ نظام عوامی اہمیت کا حامل ہے۔انہوںنے کہا کہ عوام کو بہتر ٹریفک سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن کوششیں کی جارہی ہیں۔صوبائی کمشنر نے متعلقہ افسران نے متعلقہ آفیسران کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کے دوران شاہراﺅں پر تجاوزات کو ہٹانے کے لئے فوری نوعیت کے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔انہوںنے پٹن شاہراہ پر غیر قانونی تجاوزات کو ہٹانے اورشاہراہ کی کشادگی کے لئے اننت ناگ میں فوارے کو دوسری جگہ منتقل کرنے کے احکامات صادر کئے۔بصیر احمد خان نے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ناجائز تجاوزات ہٹانے اورچھاپڑی فروشوںکو کسی دوسری موزوں جگہ پر منتقل کرنے کے لئے ایک وسیع مہم شروع کرنے کی ہدایت دی۔