سرینگر// قومی محاذِ آزادی کے سینئر رکن اعظم انقلابی نے اپنے ایک بیان میں مصوّرِ پاکستان علاّمہ اقبالؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکیم الامت شاعرِ مشرق علامہ اقبال نے دسمبر 1930ء میں الہٰ آباد کے مسلم لیگ اجلاس میں اپنی صدارتی تقریر میں تصّورِ پاکستان پیش کیا، اور قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے 23مارچ 1940ء کو لاہور کے مسلم لیگ اجلاس میں اِس تصّور کو ایک نظریہ کا رُوپ بخشتے ہوئے حصولِ پاکستان کے لئے جدوجہد کی۔ 14اگست 1947ء کو ان ملّی رہنماؤں کا خواب شرمندۂ تعبیر ہوا اور یوں اسلامی جمہوریہ پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔ اعظم انقلابی نے بھارت پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی کشمیر سے متعلق قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حقِ خود ارادیت کے اصول کے تحت اپنی تقدیر کا خود فیصلہ کرنے کا موقع دیں۔انہوں نے کہاکہ ہم کنٹرول لائن کا مکمل انہدام چاہتے ہیں تاکہ آرپار کے کشمیری اپنی پارلیمنٹ میں کشمیر کے مستقبل کا تعّین کریں۔ شدّت پسندی کے رجحانات کو قابو میں رکھنے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ سبھی محبوس سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کو جیلوں اور تھانوں سے رہا کرکے انہیں جمہوری انداز میں اپنی بات عوام تک پہنچانے کا موقع دیا جائے۔ سیاسی گھٹن کے ماحول میں unpredictabilityکا سماں ہی بندھا رہے گا۔