سلیب گر جانے سے 4مزدور زخمی
عارف بلوچ
ڈورو//قاضی گنڈ میں زیر تعمیر دکان کی سلیب اچانگ گر جانے سے4مزدور زخمی ہوگئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق قاضی گنڈ میں مسجد نور کے متصل زیر تعمیر دکان کی سلیب ڈالی جاری تھی کہ اس دوران سلیپ اچانک گر گئی جس کے نتیجے میں 4مزدور جن میں محمد اسحاق میر ساکنہ رزلوکنڈ،شبیر احمد حجام ساکنہ کیوہ و ظہور احمد بیگ ومشتاق احمد بیگ ساکنہ رزلو کنڈ نامی مزدور زخمی ہوگئے جن کو علاج معالجہ کے لئے اسپتال میں داخل کیا گیا ۔ محمد اسحاق نامی مزدور کو مزید علاج کے لئے صورہ میڈیکل انسٹچوٹ سرینگر روانہ کیا گیاہے۔
فوجی گاڑی کو حادثہ
قاضی گنڈ میں 3اہلکار زخمی
عارف بلوچ
ڈورو//قاضی گنڈ میں فوج کی گاڑی سڑک پر پلٹ جانے کے نتیجے میں 3اہلکار زخمی ہوگئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق فوجی گاڑی سرینگر سے جموں کی طرف جارہی تھی کہ بونی گام کے نزدیک گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر سڑک پر پلٹ گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار3اہلکار معمولی طور زخمی ہو گئے ہیں ،اور اُنہیں علاج معالجہ کے لئے اسپتال میں داخل کیا گیا ۔
فرنٹ لیڈر کی اسیری کو طول دینے پر یاسین ملک برہم
سرینگر//جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے تنظیم کے سینئر لیڈر نور محمد کلوال کی مسلسل نظربندی اور اُن کے ایام اسیری کو طول بخشنے کے لئے نت نئے حربوں کے استعمال کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ فرنٹ کے زونل صدر کو ایک بار پھر عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اُن کی تحویل کو مزیدپانچ روز کیلئے بڑھایا گیا ہے اور بعدازاں واپس پولیس تھانہ کوٹھی باغ منتقل کیا گیا ۔ لبریشن فرنٹ چیئرمین نے کہا ہے کہ جس طرح سے شہرو دیہات میں سیا سی کا رکنوں کی پکڑ دھکڑ انہیں کالے قوانین کے تحت گرفتار کرنے ،شبانہ چھاپے اور دوسرے پولیس مظالم میں اضافہ کیا گیاہے وہ حد درجہ مذموم ہے اور ایسا لگتا ہے کہ پولیس نے سیاسی مزاحمت سے وابستہ لوگوں کے خلاف جنگ چھیڑ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کا یہ پر تشدد رویہ سیاسی لوگوں اور نوجوانوں کو پشت بہ دیوار کر رہا ہے اور یوں تشدد کو فروغ دے رہا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔