نئی دہلی// ملک کے جن ہوسٹلوں میں ایس سی ، ایس ٹی اوراو بی سی طبقے کے دو تہائی طلبا اور طالبات موجود ہیں وہاں سستی شرح پر ہر مہینے فی شخص 15 کلو چاول اور گیہوں مہیا کرایا جائے گا ۔ خوراک و رسد فراہمی معاملے کے وزیر رام بلاس پاسوان نے آج یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اور پرائیوٹ علاقہ کے ہوسٹلوں میں فی طالب علم 5.65 روپے فی کلو چاول اور چار روپے فی کلوگیہوں دستیاب کرایا جائے گا ۔ اس شرح پر غربت افلاس سے نیچے کے افراد کو چاول اور گیہوں دیا جاتا ہے ۔ حکومت کا اندازہ ہے کہ اس سے قریب ایک کروڑ طلبا اور طالبات مستفید ہونگے ۔ مسٹر پاسوان نے کہا کہ اس منصوبہ کے تحت 13 لاکھ ٹن اناج تقسیم کی گئی ہے ۔ اس کے متعلق سبھی وزرائے اعلی کو خط بھیجے گئے ہیں ۔ اور ان سے ایسے ہوسٹلوں کی تفصیل مانگی گئی ہے تاکہ جلد از جلد وہاں اناج تقسیم کیا جاسکے ۔ اس سلسلے میں وہ ریاستوں کا دورہ کر کے اس منصوبے کو جلد از جلد نافذکرنے کی کوشش کریں گے ۔ وزیر خوراک اور رسد نے کہا کہ طالبعلم عام طور پر مالی بحران کے شکار ہوتے ہیں لیکن اب اس منصوبے سے انھیں کچھ راحت ملے گی ۔ بہت سارے ہوسٹلوں میں ٹھیکے دار ہوسٹلوں میں کھانا مہیا کرتے ہیں جو بازارکی شرح پر غذائی اشیا فراہم کرتے ہیں اس منصوبے سے انھیں کچھ راحت ملے گی ۔ انھوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت بہار کے لئے 36 ہزار ٹن اور اتر پردیش کے لئے دو لاکھ 24 ہزار ٹن اناج کی ضرورت ہوگی ۔ انھوں نے کہا کہ تغذیہ بخش غذا مہیا کرانے کے لئے مختلف منصوبے چلائے جا رہے ہیں۔یو این آئی