کنگن//434کلو میٹر طویل سرینگر ۔لیہ شاہراہ پانچویں روز بھی آمد رفت کیلئے بندرہی۔سینکڑوں چھوٹی اور بڑی گاڑیاں شاہراہ کے دونوں طرف درماندہ ہوئے ہیں ،بیکن اور وجیک نے ہنگامی بنیادوں پر شاہراہ سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا ہے تاکہ لداخ شاہراہ کو قابل آمد رفت بنایا جاسکے ۔ کشمیر عظمیٰ کوملی تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز شدید برفباری کی وجہ سے سرینگر ۔لیہہ شاہراہ کو جزوی طور آمد رفت کے لئے بند کردیا گیا تھا جس کے بعد منی مرگ کے مقام پر پنچاس کے قریب بڑی گاڑیاں درماندہ ہوئی تھی تاہم ضلع انتظامیہ کرگل کی ہدایت پر وجیک نے موسم میں بہتری آنے کے ساتھ ہی دراس سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا جس کے بعد منی مرگ میں درماند ہ گاڑیوں کو واپس دراس پہنچایا گیا ۔دراس پولیس کے مطابق منگلوار کے روز وجیک نے زیرو پوئنٹ تک برف ہٹانے کاکام مکمل کیا جبکہ بیکن نے بھی زیرو پوئنٹ زوجیلا تک برف ہٹانے کاکام مکمل کیا ہے ۔ ایس ایس پی کرگل نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ منگلوار کے روز وجیک نے زیرو پوئنٹ تک برف ہٹانے کاکام مکمل کیا ہے اور بیکن بھی شام تک زیرو پوائنٹ تک برف ہٹانے کا کام مکمل کیا ۔انہوں نے بتایا کہ منگلوار کی شام سے ہی سونہ مرگ میں درماندہ گاڑیوں کو کرگل کی طرف روانہ کیا جائے گا اور دراس میں درماندہ گاڑیوں کو بھی سرینگر کی طرف روانہ کیا جائے گا۔