جموں// جموں وکشمیر میں تعلیم، خزانہ، محنت و روزگار کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے سپریم کورٹ کی جانب سے کٹھوعہ کے وحشیانہ عصمت دری اور قتل واقعہ کی کٹھوعہ عدالت میں جاری سماعت پر روک لگانے کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ انصاف کی بروقت فراہمی ہر حال میں یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا ’ہم نے واقعہ کی ایف آئی آر درج کی، تحقیقات شروع کرائی، ملزمان گرفتار ہوئے، چالان عدالت میں پیش ہوئے، آگے اب عدالتوں کا کام ہے۔ اس میں ہم دخل نہیں دیں گے، ہم نے اپنا کام مکمل کرلیا ہے، میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ انصاف کی صد فیصد فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ اس میں ہمیں کوئی شک نہیں ،ہم بروقت انصاف کی فراہمی کو ہر حال میں یقینی بنائیں گے‘۔