سرینگر//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سربراہ پروفیسر بھیم سنگھ نے کہاکہ ایسا پہلی بار ہوا ہے جب کوئی ہندستانی وزیراعظم چین کے دورہ پر گیا اور اس کا چینی صدر نے ذاتی مہمان کے طورپر استقبال کیا اور ان کے ساتھ بین الاقوامی پروٹوکول پر عمل نہیں کیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے بھی کئی ہندستانی وزرائے اعظم نے چین کا دورہ کیا ہے اور انہیں وہاں پروٹو کول کے مطابق پورا احترام ملاہے۔ انہوں نے کہاکہ 1954میں اس وقت کے وزیراعظم پنڈت جواہر لال نہرو نے چین کا دورہ کیا جہاں ہندستان اور چین نے ایک مشترکہ معاہدہ ’پنچ شیل‘ پر دستخط کئے۔34برس کے وقفہ کے بعد وزیراعظم راجیو گاندھی نے چین کا دورہ کیا اور اس وقت وہاں کے سربراہ لی پنگ نے ہندستان اور چین کے مابین ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے کی بات کہی تھی،پی وی نرسمہا راو نے 1993میں چین کے دورہ پر ہند۔چین سرحدی معاہدہ پر دستخط کئے گئے ، اس کے بعد اٹل بہاری واجپئی 2003میں چین گئے اور وسیع تعاون اور تعلقات کے اصولوںکے اعلانیہ پر دستخط ہوئے اور ہندستان اور چین کے مابین سیاسی طریقہ سے سرحدی تنازعہ کو سلجھانے کی کوشش کی گئی جبکہ ڈاکٹر منموہن سنگھ نے2008میں چین کا دورہ کیا اور وہاں ساتویں ایشیا۔یوروپ میٹنگ میں شرکت کی۔