جموں //مرکزی حکومت کے خصوصی نمائندہ برائے جموں وکشمیر دنیشور شرما نے کٹھوعہ عصمت ریزی و قتل کیس کی تحقیقات کرنے والے افسران سے ملاقات کی ۔شرماچارروزہ دورہ ٔ ریاست پر ہیں، جس دوران انہوں نے گزشتہ شام ایس ایس پی کرائم برانچ رمیش جھالا اورسابق ایس ایس پی کٹھوعہ سلیمان چوہدری سے ملاقات کی۔ باوثوق ذرائع نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ بند دروازے میں ہوئی ان ملاقاتوں کے دوران تحقیقاتی افسران نے دنیشور شرما کو کیس کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ذرائع نے بتایاکہ شرما نے اس کیس کی تحقیقات سے جڑے دیگر افسران سے بھی ملاقات کی ۔ذرائع کاکہناہے کہ شرما اس کے بعد جموںسے دلی کیلئے روانہ ہوگئے جہاں وہ کٹھوعہ کیس کے بارے میں وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کو بریفنگ دیںگے ۔