چیف سیکریٹری نے حلف برداری انتظامات کو حتمی شکل دی
جموں// چیف سیکرٹری بی بی وِیاس نے آج کنونشن سینٹر میں منعقد ہونے والے حلف برداری انتظامات کو حتمی شکل دینے کے سلسلے میں ایک میٹنگ کی صدارت کی۔گورنر کے پرنسپل سیکرٹری امنگ نرولہ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل ،ڈویژنل کمشنر جموں ہمنت کمار شرما،ایڈیشنل کمشنر جموں ریحانہ بتول ،ڈپٹی کمشنر جموں کمار راجیو رنجن ، اے ڈی جی پی سیکورٹی منیر خان، آئی جی پی جموں ڈاکٹر ایس ڈی سنگھ جموال ، ڈائریکٹر فلوری کلچر ببیلا رکوال ، جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن نریش کمار اور صحت عامہ ، پولیس اور ضلع انتظامیہ کے افسران میٹنگ میں موجود تھے۔میٹنگ میں سیٹوں کی گنجائش ، پبلک ایڈ یس سسٹم ، سیکورٹی کے انتظامات ، صحت و صفائی ،آرائش اور بجلی سپلائی سے متعلق انتظامات پر غور و خوض کیاگیا۔
ویلکن سکول کے طالب علم کی کامیابی
سوپور // غلام محمد / شاہ رسول میموریل ویلکن سکول سوپور کے ساتویں جماعت کے طالب علم مصعب بشیر نے NAATامتحان میں کامیابی حاصل کی ہے ۔یہ امتحان نیشنل انڈیپنڈنٹ سکول الائنس((NISA)نے منعقد کیا جس میں 14ریاستوں کے300سکولوں کے 25,000 طلباء نے حصہ لیا ۔مصعب بشیر ریاست کے واحد طالب علم ہیں جنہوں نے اس امتحان میں کامیابی حاصل کی ۔انہیں سنیچر کو نئی دلی میں NISA کی طرف سے سرٹیفکیٹ اور نقد انعام سے نوازا گیا ۔
شالہ دجن بونیار میں خاتون پیر پھسلنے سے فوت
بارہمولہ /فیاض بخاری/شالہ دجن بونیار میں ایک 55 سالہ خاتون پیر پھسلنے سے لقمہ اجل بن گئی ۔مذکورہ خاتون کے شوہر علی بہادر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اُس کی55 سالہ اہلیہ رشیدہ بیگم کا پیرباتھ روم میں پھسل گیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئی ۔انہوں نے بتایا کہ اُسے اسپتال پہنچا یا گیا تاہم وہ رستے میں ہی دم توڑ بیٹھی ۔
بڈگام میں چھاپوں کے دوران قابل اعتراض سامان ضبط:پولیس
سرینگر//ریاستی پولیس نے ضلع بڈگام میں چارمقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں عمل میں لاکر غیر قانونی سر گرمیوں کیلئے استعمال ہونے والے قابل اعتراض سامان کو ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ۔پولیس ترجمان کے مطابق یہ چھاپہ مار کارروائیاں عدالتی احکامات کے تحت عمل میں لائی گئیں جبکہ کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ تخریبی سرگرمیوں کے متعلق درج مقدمہ کی تحقیقات کے سلسلے میں عدالت عالیہ سے تلاشی وارنٹ حاصل کرنے کے بعد پولیس نے ضلع بڈگام میں چار الگ الگ مقامات پر تلاشی لی جس دوران قابل اعتراض ساز وسامان جس میں لیپ ٹاپ ، ٹیب ، سمارٹ فونز ، اہم کاغذات ، بینک کھاتے ، ویڈیو کیمرہ وغیرہ شامل ہیں کو برآمد کرکے ضبط کیا۔
پولیس کی چھاپہ مار کارروائیاں قابل مذمت:مسلم لیگ
سرینگر//مسلم لیگ نے پولیس چھاپوں اور تلاشی کاروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اور فورسز نے وادی میںقریہ قریہ خوف و دہشت کا ماحول قائم کرکے نہتے شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس پید اکیا ہے۔لیگ ترجمان نے اپنے ایک بیان میں شوپیان ،کولگام ،پلوامہ ، اسلام آباد ، بارہمولہ اورکپوارہ میں شبانہ چھاپوں کے دوران اسباب و املاک کو تہس نہس کرنے کی کاروائیوں پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس گھروں میں گھس کر چادر اور چار دیواری کی حرمت کو پامال کررہی ہے اور بھائی کے بدلے بھائی اور بیٹے کے بدلے باپ کو گرفتار کیا جارہا ہے۔
احد بب سوپور کا یوم وصال
سرینگر //صوفی بزرگ احد بب سوپور کا یوم وصال یکم مئی 2018 منگلوار کو ان کے آستاں عالیہ واقع سوپور میں انجام دیا جا رہا ہے۔ اس ضمن میں 30 اپریل 2018 سوموار کو رات بھر شب خوانی ہوگی جبکہ منگلوار کو زائرین کیلئے لنگر کا انتظام کیا گیا ہے۔
خان سوپوری کی رہائی کا مطالبہ
سرینگر// پیپلز لیگ نے پارٹی کے محبوس چیئرمین اور70سالہ بزرگ مزاحمتی رہنما غلام محمدخان سوپوری کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ موصوف پر عائد پبلک سیفٹی ایکٹ ریاستی ہائی کورٹ نے 20 مارچ کو کالعدم قرار دیا ہے ۔ موصولہ بیان کے مطابق لیگ کے قائمقام چیئرمین سید محمد شفیع نے کہاہے کہ خان سوپوری جیل میں سخت علیل ہیں لیکن وہ مناسب علاج ومعالجہ سے محروم ہے ۔
عوامی فلاح وبہبود اورمشکلات کا حل ترجیحات میں شامل :کوہلی
راجوری// اینمل وشیپ ہسبنڈری اورماہی پروری کے وزیر عبدالغنی وکیل کوہلی نے کالاکوٹ حلقہ انتخاب کے اُڑان گائوں میں منعقدہ ایک عوامی شکایات کے ازالہ کے کیمپ سے خطاب کیا۔انہوںنے کہا کہ کیمپ کے انعقاد کا مقصد عام لوگوں کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے۔وزیرموصوف نے کہاکہ موجودہ سرکار عوامی فلاح وبہبود اورمشکلات کے حل کے لئے وعدہ بند ہے۔ اس موقعہ پر عبدالغنی کوہلی نے گائو ں میں ایک شیپ ویٹرنری سینٹر قائم کرنے کی ہدایت دی تاکہ مقامی لوگوں کو اپنے مویشیوں کے لئے سہولیا ت دستیاب ہوسکیں۔کیمپ کے دوران کئی عوامی وفود نے وزیر کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں اپنے معاملات سے آگاہ کیا۔وزیر نے وفود کو یقین دہانی دی کہ کہ اُن کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔،وزیر نے آفیسران کو حلقہ انتخاب کالا کوٹ میں تمام زیر تکمیل پروگراموں کی مقررہ وقت میں تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔اس موقعہ پر ضلع انتظامیہ کے علاوہ مقامی ممتاز شہری بھی موجود تھے۔
سول سروسز امتحانات: نیشنل کانفرنس کی کامیاب امیدواروں کو مبارکباد
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کارگزار صدر عمر عبداللہ نے سول سروسز امتحانت کے نتائج میں جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے کامیاب امیدواروں کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیںمبارک باد پیش کی ہے ۔ ڈاکٹر فاروق نے اپنے پیغام میں کامیاب امیدوارں کے والدین اور اساتذہ کرام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی محنت اور درس وتدریس کا ثمر ہے ۔انہوںنے کہا کہ تعلیم کے شعبہ کو فروغ دینے میں اُن کی پارٹی نے کلیدی رول ادا کیا ہے ۔ انہوں نے طالب علموںسے اپیل کی کہ اپنی مادری زبان کشمیری کو ابتدا سے ہی پڑنے میں دلسپی دکھائیں کیونکہ وہ قوم کبھی بھی زوال پذیر نہیں ہوتی ہے جواپنی تہذیب و تمدن اور زبان کو ترجیح دیتی ہے ۔
ترقی کیلئے بہتر سڑک رابطوں کی ترجیح لازمی: سپیکر
جموں// جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت نے ترقیاتی سرگرمیوں جن میں موجودہ سڑکوں کی اَپ گریڈیشن اور نئی سڑکوں کی تعمیر شامل ہیں میں تیز ی لانے کے لئے ایک جامع منصوبہ ترتیب دیا ہے۔سپیکر نے کہا مضبوط سڑکیں اور تمام شعبوں میں بنیادی ڈھانچہ تعمیر کرنا موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔جموں شہر میں سیاحوں کو راغب کرنے کے سلسلے میں دیدہ ذیبی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ حلقہ انتخاب گاندھی نگر میں سات پارکیں تعمیر کرنے کی منظوری دی گئی ہے ۔ان پارکوں میں جِم سہولیات فراہم ہوں گی ۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں 4.5لاکھ روپے کی لاگت سے جسروٹیہ پارک تعمیر کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سینک کالونی کی سڑکوں کی مرمت کے لئے 45لاکھ روپے منظور کئے گئے ہیں۔اس سے قبل سپیکر نے ترکوٹا نگر ویلفیئر سوسائٹی کی سلور جوبلی سلیبریشن کی ایک تقریب سے خطاب کیا۔ سپیکر نے کہا کہ علاقے میں 80لاکھ روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام سرعت سے جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ حلقہ انتخاب گاندھی نگر میں پچھلے تین برسوں کے دوران 842 کلومیٹر لمبی سڑک میں سے 400کلومیٹر سڑک پر میکڈم بچھایا گیا ۔
غلام مصطفی شاہین کی خدمات ناقابل فراموش
اننت ناگ میںاسٹیڈی سرکل کی تعزیتی تقریب
ملک عبدالسلام
اننت ناگ//اسلامک اسٹیڈی سرکل کے اہتمام سے اقبال میموریل انسٹچوٹ اننت ناگ کے پہلے پرنسپل غلام مصطفی شاہین کی یاد میں ایک تعزیتی تقریب مرحوم کی رہائش گاہ واقع ایس کے کالونی اننت ناگ میں منعقد ہوئی۔تعزیتی تقریب کی صدارت اسٹیڈی سرکل کے چیئرمین ڈاکٹر یوسف العمر کررہے تھے۔تقریب میں سبھی ضلع صدوراوراقبال میموریل انسٹچوٹ براکہ پورہ اور مومن آباد کے پرنسپل و جملہ اسٹاف ممبران نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر مرحوم غلام مصطفی شاہین کی خدمات کو ناقابل فراموش قراردیتے ہوئے اُن کی جنت نشینی کیلئے دعا کی گئی۔
روڈ سیفٹی ہفتہ:کرگل میں افتتاحی تقریب کا انعقاد
کرگل// کرگل میں موٹر وہیکلز ڈیپارٹمنٹ نے 29ویں روڈ سیفٹی ویک کی مناسبت سے ایک تقریب کا اہتمام کیا۔اس موقعہ پر چیرمین قانون ساز کونسل حاجی عنایت علی مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے جبکہ چیف ایگزیکٹیو کونسلر کرگل کاچو احمد علی نے مہمان ذی وقار کے طور پر تقریب میں شرکت کی۔تقریب کے دوران مختلف سکولوں کے طلبأ،ٹرانسپورٹ یونینوں،ٹریڈرس ڈیلرس،معاونت والی ایجنسیوں،ڈرائیونگ انسٹچیوٹوں ،تھیٹر اداکاروں ،میڈیا شخصیات اور رضاکاروں کے علاوہ دیگر افراد کو روڈ سیفٹی ویک کامیاب بنانے کے لئے ٹرافیوں،میمنٹوز اور تعریفی اسناد سے نواز اگیا۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے حاجی عنایت علی نے موٹر وہیکلز ڈیپارٹمنٹ کی روڈ سیفٹی ویک کامیاب بنانے کے لئے سراہنا کی۔انہوںنے روڈ سیفٹی کے بارے میں طلبا کے علاوہ عام لوگو ں کوجانکاری فراہم کرنے کے بارے میں کوششیں جاری رکھنے پر زوردیا۔
سرحدی علاقوں میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے وعدہ بند:شیام چودھری
جموں// صحت ، آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کے وزیر شیام لال چودھری نے آر ایس پورہ عوامی دربار کا انعقاد کیا اور لوگوں کے مسائل اور شکایات بغور سنے ۔سینکڑوں افراد اور کئی وفود ڈبلیہار، بالا چک، کوٹھے بیرو و دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگ سے ملاقی ہوئے اور انہیں اپنے اپنے علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکومت ریاست کے لوگوں بالخصوص دور دراز اور سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو تمام بنیادی ضروریات فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کئی ترقیاتی پروجیکٹ زیر تکمیل ہے ۔وزیر نے مقامی لوگوں سے بات چیت کی اور ان کے مسائل اور مطالبات سنے ۔