سرینگر//جموں وکشمیر میں نائب تحصیلداروں کی اسامیوں کو پُر کرنے کیلئے80ہزار امیدواروں نے اپنی قسمت آزمائی کا فیصلہ کرتے ہوئے امتحانات میں شرکت کی۔امتحانات مراکز کے باہر سخت سیکورٹی انتظامات کئے گئے تھے،جبکہ مراکز کے اندر بھی سخت نگرانی رکھی گئی تھی۔نائب تحصیلداروں کی 125 اسامیاں پُر کرنے کیلئے امتحانی مراکز کے ارد گرد ایگزیکٹو مجسٹریٹوں کو تعینات کیا گیا تھا،اور وہ لوگوں کی نقل و حرکت پر سخت نگرانی کر رہے تھے۔ امتحانات کو پرامن طور منعقد کرنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری کو بھی تعینات کیا گیا تھا،تاکہ امتحانات کو خوشگوار طریقے سے منعقد کیا جائے۔ سروس سلیکشن بورڑ کی طرف سے گزشتہ برس مشتہر ہوئے امتحانات میں رپورٹوں کے مطابق 80 ہزار کے قریب امیدوار شامل ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان امیدواروں میں سے 7 سے 8 ہزار امیدواروں کو اردو امتحانات کیلئے شارٹ لسٹ کیا جائے گا۔ حتمی رائونڈ میں500اور600کے درمیان امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا جاسکتا ہے۔