نئی دہلی//روڈ ٹرانسپورٹ اور قومی شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لئے نئے طریقے تلاش کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ بہتر صحت اور رہائشی سہولت دینے کے لئے مزدوروں کو 'آیوشمان بھارت' اور' پردھان منتری آواس یوجنا' سے جوڑنے کی ضرورت ہے ۔مسٹر گڈکری نے بین الاقوامی یوم مزدور پر منعقدہ ایک پروگرام میں کہاکہ مزدوروں کی فلاح و بہبود اسکیم کو مرکز کی 'پردھان منتری آواس یوجنا اور ہیلتھ انشورنس اسکیم' کو 'آیوشما ن بھارت' کے ساتھ جوڑا جانا چاہئے ۔ اس سے مزدور طبقہ کو بہتر صحت اور رہائشی سہولت مل سکے گی۔مرکزی وزیر وزارت محنت کے ذریعہ منعقدہ اس پروگرام میں مہمان خصوصی کے طورپر شامل تھے ۔ انہوں نے اس موقع پر مزدوروں کو اعزاز سے نوازا اور کئی ایپ کا آغاز کیا۔