گاندربل //ضلع گاندربل میںپانی کے قدرتی وسائل و ذخائر کی وجہ سے منفرد مقام رکھتا ہے لیکن آج کل بیشتر آبپاشی نہریں کوڑے دانوں میں تبدیل ہونے سے کسانوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔سونمرگ،گنڈاورکنگن سے ہوتے ہوئے نالہ سندھ سے ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی کو سیراب کرنے والی آبپاشی نہروں( لار کنال،ڈب واکورہ کنال،باباکنال،پادشاہی کنال،حیدر کنال) کی موجودہ صورتحال ناگفتہ بہ ہے۔مقامی آبادی کے مطابق سینکڑوں ایکڑ زرعی زمین کو سیراب کرنے والی آبپاشی نہریں چند سال پہلے انتہائی صاف و شفاف ہوا کرتی تھیں جن سے میوہ باغات اور زرعی اراضی کو سیراب کیا جاتاتھا لیکن آج کل کوڑے دان کی صورت اختیار کرچکی ہیں۔واکورہ گاندربل کے مقامی شہری محمد یوسف نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ڈب واکورہ اریگیشن کنال میں کئی جگہوں پرشگاف پڑ چکے ہیںاورسرکاری پابندی کے باوجود بھی کنال کے کناروں پر سینکڑوں درخت بھی نہیں کاٹے گئے ہیںجس سے اس کنال کی شان رفتہ ختم ہوچکی ہے۔واکورہ ڈب کنال سے بارسو،کرہامہ،ززنہ،بادام پورہ،آھن،واکورہ،ڈب،شالہار،بٹہ وینہ،سمیت دیگر علاقوںمیں سینکڑوں کنال اراضی اور میوہ باغات کی سینچائی نہ ہونے کے پیش نظر خطرہ لاحق ہے۔ محکمہ اریگیشن کے ایگزیکٹو انجینئر اعجاز احمد نے اس ضمن میں کارروائی عمل میں لانے کا یقین دلایا۔