سرینگر//مہاتما گاندھی کی تعلیمات کو موجودہ ودر میں قابل تقلید قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہاہے کہ باپو کو خراج پیش کرنے کا سب سے اچھا طریقہ یہ ہے کہ ان کی عدم تشدد پر مبنی فلاسفی کو آگے بڑھایا جائے اور تشدد،عدم مساوات اور تنائو سے پاک سماج قائم کیا جائے ۔مہاتما گاندھی کی150ویں جنم دن کی مناسبت سے قومی کمیٹی کی تقریب پر بولتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ بدقسمتی سے مہاتما گاندی کے کئی برسوں بعد عدم رواداری کی فضا بڑھ گئی اور اب ضرورت اس بات کی ہے کہ باپو کی تعلیمات کو اختیار کیا جائے اور ان پر عمل درآمد کیا جائے ۔اس میٹنگ کی صدارت صدر ہند رام ناتھ کوند نے کی جبکہ نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو ،وزیر اعظم نریندر مودی ،وزیع داخلہ راج ناتھ سنگھ ،سابق وزیراعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ اور دیگر لیڈران بھی موجود تھے۔محبوبہ مفتی نے گاندھی جی کے150ویں جنم سال 2019کو پر امن ،رواداری اورردعدم تشدد پر مبنی سال قرار دینے کی صلاح دیوزیر اعلیٰ نے مہاتما گاندھی کی تعلیمات کو سمجھنے کیلئے خصوصی سکالرشپ، فلاح و بہبود اور دیگر تعلیمی تشہیر کے قیام کی تجویز دی تاکہ موجودہ نسل اس سے آگاہ ہو۔مہاتما گاندھی کی جموں و کشمیر کے ساتھ خصوصی تعلقات کاحوالہ دیتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ1947ء کے غیر معمولی وقت میں یہ مہاتما گاندھی کی بصیرت تھی کہ انہیں ریاست جموں و کشمیر کے لوگوں میں امید کی کرن نظر آئی ۔انہوں نے کہا کہ یہ ریاست کے لوگوں کا اعتماد تھا کہ وہ اٹھ کھڑے ہوئے اور اپنی صدیوں پرانی روایت کیلئے اپنی جانوں کو نذرانہ پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کے اس اعتماد کو پھر سے بحال کرنے کی ضرورت ہے تاکہ امید کی وہ کرن پھر سے نظر آئے ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اگلے سال یعنی2019میں مہاتما گاندھی کی 150واں یوم وصال منایا جارہا ہے ۔