بارہمولہ+سوپور+کپوارہ////وادی میں جمعرات سے ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق یہ سلسلہ اگلے چوبیس گھنٹوں تک جاری رہے گا ۔جمعرات کی صبح سے ہی سرینگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں مطلع ابرآلود تھا جس کے بعد وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا ۔اس دوران شمالی کشمیر میں زوردار بارشیں ہوئیں جبکہ شدید ژالہ باری سے کئی شمالی علاقے متاثر ہوئے ۔محکمہ موسمیات نے اگلے چوبیس گھنٹوں تک وقفے وقفے سے بارشیں ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔شمالی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں جمعرات کو شدید ژالہ باری کے نتیجے میں میوہ باغات اور فصلوں کو نقصان ہوا ہے۔ نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے محکمہ مال کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں کی طرف روانہ کردی گئی ہیں ۔مختلف مقامات سے موصولہ اطلاعات کے مطابق، بارہمولہ،سوپور اور کپوارہ کے بیشتر دیہات میں شدید ژالہ باری ہوئی جبکہ تیز ہوائوں سے بھی میوہ اور فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ضلع بارہمولہ کے ناروا علاقے میں بدھ کو تیز ترین ژالہ باری نے میوہ باغات،سبزیوں اور کھڑی فصلوں کو زبردست تباہی مچائی جس کی وجہ سے لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑگئی ۔ نارواوبارہمولہ کئی دیہات جن میں زنڈفرن،شیری، فتح گڈھ ، ملہ پورہ، بدمولہ،کچہامہ ،زوگیار ،آڈورہ، گلستان کے علاوہ کئی دیہات میں بدھ کو رات دیر گئے شدید ژالہ باری ہوئی جس نے میواہ باغات ، سبزیوں ،آخروٹ کے علاوہ کئی فصلوں کو تباہ کیا ہے جس کی وجہ سے کسانوں میں تشویش پائی جارہی ہے ۔ زنڈفرن کے ایک مقامی شہری نثار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تباہ کن ژالہ باری سے میوہ باغات ،سبزیوں اور اخروٹ کی فصل کو زبردست نقصان ہوا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ژالہ باری انتی شدید تھی کہ جب ہم صبح اٹھے تو ہم نے دیکھا کہ درختوں کے نیچے پھل پھول کی چادر بچھی ہوئی تھی جبکہ سبزیوں کو بھی شدید نقصان ہوا ہے ۔جس کی وجہ سے لوگ زہنی پریشانیوں میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ادھر سوپور کے بھی بیشتر علاقوں میں ژالہ باری سے میوہ باغات اور فصلوں کو نقصان ہوا ہے دریں اثناء ہندوارہ کے مضافاتی گائو ں ماور کے متعدد علاقوں میں قہر انگیز ژالہ باری نے تباہی مچا دی ہے ۔معلوم ہو اہے کہ جمعرات دن بھر اگر چہ موسم خوشگوار تھا تاہم بعد دوپہر ضلع میں اچانک موسم نے کرو ٹ لی اور موسلا دار بارشو ں کا سلسلہ شروع ہوا جو آخری اطلاعات تک جاری تھا ۔ہندوارہ کے ماور علاقہ کے ہانگہ سمیت نصف درجن علاقوں میں اس قدر قہر انگیز ژالہ باری ہوئی کہ لوگو ں میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ قہر انگیز ژالہ باری نے بھاری پیمانے پر تباہی مچا دی ہے ۔لوگو ں کا کہنا ہے کہ ژالہ باری کے نتیجے میں کھڑی فصلو ں کے علاوہ کھیت کھلیانو ں کے علاوہ میو ہ با غات میں زبردست تباہی مچا دی ہے ۔کسانو ں کا کہنا ہے کہ ژالہ باری کی وجہ سے دھان کی پنیری کو بھی کافی نقصان پہنچ چکا ہے ۔مقامی لوگو ں نے بتا یا کہ ژالہ باری کے نقصان کا اندزاہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ درختو ں کے پتے بھی زمین پر گر پڑے جبکہ زمین پر سفید چادر بچھ گئی ۔