اننت ناگ//چیف سیکرٹری بی بی وِیاس نے ڈویژنل کمشنر کشمیر کے ہمراہ 509.6لاکھ روپے کی لاگت سے ہالوولاسنگم قومی شاہراہ پر تفریحی پارک پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔یہ پارک محکمہ فلوری کلچر تعمیر کررہا ہے اور یہ پارک سرینگر ۔ جموں قومی شاہراہ کے دائیں طرف تعمیر کی جارہی ہے۔یہ پارک نہ صرف سیاحوں کی دلکشی کا مرکز بنے گا بلکہ مقامی نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع بھی فراہم کرے گا۔چیف سیکرٹری نے محکمہ باغبانی کو ہدایت دی کہ وہ پارک کے اندر سیاحوں کی کشش کے لئے کرکٹ بیٹ یونٹ قائم کرے۔ چیف سیکرٹری نے 11کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے جارہے ٹراما ہسپتال بجبہاڑہ کا بھی دورہ کیا اور انہیں بتایا کہ اب تک اس پروجیکٹ پر 6کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔چیف سیکرٹری نے پادشاہی باغ بجبہاڑہ کا دورہ کیا جہاں آر این بی محکمہ 133میٹر سسپنشن فٹ برج تعمیر کرنے جارہا ہے۔ اس کے علاوہ ایک شاپنگ آرک یارڈ بھی تعمیر کیا جارہا ہے جو تکمیل کے آخری مرحلے میں ہے اور جس پر اب تک 7.76لاکھ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔چیف سیکرٹری نے ارن ہال میں 62کے ایل ڈی سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ پر جاری کام کا جائزہ لیاجسے امرت کے تحت تعمیر کیا جارہا ہے اور جس پر 3.30کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔یہ پروجیکٹ جولائی 2018ء تک مکمل ہوگا۔ چیف سیکرٹری نے متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ تمام تعمیراتی کام مقررہ اوقات کے اندر مکمل کریں ۔ بعد میں چیف سیکرٹری نے اونتی پورہ کا تفصیلی دورہ کیاجہاں ایمز پروجیکٹ 1772کنال اراضی پر تعمیر کیا جارہا ہے ۔ دور ے کے دوران چیف سیکرٹری نے ایمز کے لئے حاصل شدہ اراضی کا تفصیلی سروے کیا ۔ا س موقعہ پر چیف سیکرٹری نے ان لوگوں سے بات چیت کی جن کی زمین اور جائیداد ایمز پروجیکٹ کی تعمیر کے لئے حاصل کی گئی ہے ۔انہوںنے متعلقہ لوگوں کی شکایات بغور سنے ۔زمین مالکان نے اپنی اراضی کا معاوضہ طلب کیا۔ اس کے علاوہ متعلقہ ادارے کے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔ چیف سیکرٹری نے لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کے تمام جائز مطالبات پورے کئے جائیں گے ۔اس سے قبل چیف سیکرٹری نے سیمی رِنگ روڑ کھدرمو پلوامہ کا دورہ کیا جو پلوامہ کو بڈگا م کے ساتھ خندہ کے ذریعے جوڑ دے گا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ اور پلوامہ ، ایس ایس پی اننت ناگ ، اے ڈی ڈی سی اننت ناگ او رپلوامہ اور دونوں اضلاع کی ضلع انتظامیہ اس موقعہ پر موجود تھی۔