بیروت// خانہ جنگی کا شکار شام میں ہنگامی امداد فراہم کرنے والے ادارے وائٹ ہیلمٹ کے چیف راحید صالح نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکی تنظیموں سے ان کی تنظیم کو ملنے والی امداد پر پابندی عائد کرسکتے ہیں۔واضح رہے کہ شام کے سول ڈیفنس مقامی سطح پر وائٹ ہیلمٹ کے نام سے معروف ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق راحید صالح نے بتایا کہ ‘امداد روکنے کے حوالے سے باضابطہ آگاہ نہیں کیا گیا لیکن امریکی تنظیم کی جانب سے جنوب مشرقی علاقوں میں فنڈنگ روکنے کا معاملہ زیر غور ہے’۔انہوں نے ترکی میں فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ‘ایسے حالات ہرسال پیدا ہوتے ہیں لیکن رواں برس ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے کے بارے میں پیش گوئی کرنا ممکن نہیں’۔واضح رہے کہ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے اپریل میں کہا تھا کہ ‘مستحکم شام’ نامی پروگرام کے تحت ملنے والی امداد سے متعلق غور کیا جارہا ہے لیکن یہ نہیں بتایا گیا کہ وائٹ ہیلمٹ کی فنڈنگ بھی روک دی جائے گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاوس نے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی تھی کہ وہ شام کے لیے 20 کروڑ ڈالر کی امداد معطل کردی جائے۔