سرینگر //جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں جھڑپ کے دوران احتجاج کرنے والے نوجوانوں پر فورسز اہلکاروں کی فائرنگ اور چھروں کے استعمال سے زخمی ہونے والوں میںسے40زخمی نوجوانوں کو سرینگر کے صدر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ شوپیاں سے صدر اسپتال سرینگر منتقل کئے گئے 35زخمی نوجوانوں میں12گولیاں لگنے کی وجہ سے زخمی ہوئے تھے جبکہ 28نوجوان پیلٹ لگنے کی وجہ سے زخمی ہوئے ہیں جن میں 12کی آنکھوں میں پیلٹ لگے ہیں۔ صدر اسپتال سرینگر میں دوسرے روز بھی زخمیوں کے آنے کا سلسلہ جاری رہا کیونکہ شوپیاں میں جھڑپ کے دوران احتجاج کرنے والے نوجوانوں پر فورسز اہلکاروں کی فائرنگ اور چھروں کے استعمال کی وجہ سے متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں 35نوجوانوں کو صدر اسپتال سرینگر منتقل کیا گیا ہے جن میں پیشتر نوجوان پیلٹ لگنے کی وجہ سے زخمی ہوئے ہیں۔شوپیاں میں احتجاج کے دوران زخمی ہونے والے نوجوانوں کے لواحقین نے بتایا کہ فورسز اہلکاروں نے نوجوانوں کو براہ راست نشانہ بناکر گولیاں اور پیلٹ چلائے جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ فورسز اہلکاروں نے جھڑپ کے اختتام پر منی بس اسٹینڈ ناگبل شوپیاں میں ریلی کے انعقاد کیلئے جمع ہورہے تولوگوں کو دیکھتے ہوئے فورسز اہلکاروں نے فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔‘‘ زخمیوں کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ صد ر اسپتال سرینگر ڈاکٹر سلیم ٹاک نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ اتوار کو 40زخمی نوجوانوں کو صدر اسپتال سرینگر منتقل کیا گیا ہے جن میں 12نوجوان گولیاں لگنے کی وجہ سے زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گولیاں لگنے سے زخمی ہونے والے 12نوجوانوں میں سے `2کی موت واقع ہوئی ہے اور 2نوجوانوں کو بون اینڈ جوئنٹ اسپتال سرینگر منتقل کیا گیا جبکہ 8ابھی بھی صدر اسپتال سرینگر میں زیر علاج ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 28نوجوان جسم کے مختلف اعضاء میں پیلٹ لگنے کی وجہ سے زخمی ہوئے ہیں جن میں 9نوجوانوں کی آنکھوں میں پیلٹ لگے ہیں جبکہ 19نوجوان جسم کے مختلف حصوں پر پیلٹ لگنے کی وجہ سے زخمی ہوئے ہیں تاہم صدر اسپتال سرینگر کے شعبہ امراض چشم کے ایک ماہر ڈاکٹر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ’’ شعبہ امراض چشم میں 12ایسے نوجوانوں کا اندراج کیا گیا ہے جو آنکھوں میں پیلٹ لگنے کی وجہ سے زخمی ہوئے ہیںجن میں 9نوجوانوں کی ابتدائی جراحی انجام دی گئی ہے۔ مذکورہ ڈاکٹر نے بتایا کہ پیلٹ لگنے سے زخمی ہونے والے بیشتر نوجوانوں کی دائیں آنکھ میں پیلٹ لگے ہیں۔ ادھر بون اینڈ جوئنٹ اسپتال سرینگر کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالرشید بڈو نے 2زخموں کے اندراج کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ’’ بون اینڈ جوئنٹ اسپتال سرینگر میں دو نوجوانوں کو داخل کیا گیا ہے جن میں ایک کانام جیلانی اور ایک کا عمر ہے جن کو صدر اسپتال سرینگر سے منتقل کیا گیا ہے۔‘‘