سرینگر// کشمیر اکنامک الائنس اور کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچررس فیڈریشن کے سربراہ حاجی محمد یاسین خان نے شوپیان اور سرینگر میں ہوئی ہلاکتوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ ظلم وجبر کی اس سرکاری پالیسی کا توڑ کرنے کیلئے قوم منظم طوراٹھ کھڑے ہوں اورظلم و زیادتیوں کے خلاف سراپا احتجاج بنیں ۔حاجی یاسین خان کا کہنا تھا کہ اس وقت کشمیر کو فورسز کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے اور انسانی جانوں کے ضیاں پر حکومت یکسر خاموش بنی بیٹھی ہے۔اکنامک الائنس چیئرمین نے مشترکہ مزاحمتی قیادت کی جانب سے دئے گئے احتجاجی پروگرام کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ساتھ ہی سیکریٹریٹ گھیرائو کرنے کا بھی فیصلہ کیا تاکہ حکومت کی توجہ ان ہلاکتوں کی طرف دلائی جائے جو کشمیری عوام کے قتل عام پر خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے ۔کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچررس فیڈریشن کے ایک دھڑے نے کہا کہ شہری ہلاکتوں کو ٹھنڈے پیٹوں برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ کے ٹی ایم ایف کے پریس سیکریٹری ہلال احمد منڈو نے بتایا کہ سرینگر میں فیڈریشن کی ہنگامی میٹنگ بشیر احمد راتھر کی سربراہی میں منعقد ہوا،جس کے دوران اس بات کا فیصلہ لیا گیا کہ شہری ہلاکتوں کے خلاف مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے جو بھی پروگرام آئے گا، فیڈریشن اس کی حمائت کرے گی۔