سرینگر//آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی جنرل سیکرٹری اور انچارج جموںوکشمیرامور امبیکا سونی اتوار کو وادی کے ایک روزہ دور پر وارد ہوئی جس دوران انہوں نے وادی میں کانگریس پارٹی کی جانب سے زمینی سطح پر ہورہے کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔وادی پہنچتے ہی انہوں نے پارٹی سے وابستہ بلاک صدور کے ساتھ علیحدہ نشست کے علاوہ کانگریس کے سینر لیڈران اور ایم ایل ایز کے ساتھ وادی کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔اس سے قبل پارٹی کے ریاستی صدر غلام احمد میر نے موصوفہ کو وادی کی موجودہ سیاسی صورتحال سے آگاہی دلائی اور وادی میں پارٹی کی جانب سے کئے جارہے اقدامات سے بھی روشناس کرایا۔ غلام احمد میر نے موصوفہ کو وادی کی موجودہ سیاسی صورتحال سے آگاہی دلاتے ہوئے موجودہ پرتنائو اور کشیدہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ وادی میں پائی جارہی پرتنائو صورتحال صرف مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے کشمیر معاملے پر کوئی ٹھوس پالیسی نہ ہونے کی وجہ سے ریاست میں حالات دن بہ دن ابتر ہوتے جارہے ہیں۔ غلام احمد میر نے پارٹی جنرل سیکرٹری کو روشناس کراتے ہوئے کہا کہ اگر چہ وادی میں اس وقت صورتحال انتہائی مخدوش ہے مگر کانگریس پارٹی اپنی طرف سے امن کو بحال کرنے میں ہر ممکن اقدام کا سہارا لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف کانگریس ہی پوری قوم کو متحد کرسکتی ہے اور اس حوالے سے پارٹی وادی میں بھی امن اور بھائی چارے کا ماحول قائم کرنے کی کوششوں میں جٹی ہوئی ہے۔ غلام احمد میر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ وادی میں جاری خون ریزی کو فی الفور بند کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اُٹھائیں۔اس موقعہ پر کانگریس کے جنرل سیکرٹری امبیکا سونی نے پارٹی لیڈران سے خطاب کے دوران کہا کہ آپ وادی میں پارٹی کو زمینی سطح پر مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ لوگوں کی بھلائی کے لیے کام کریں اور عوام کے اندر موجودہ حکومت کی ناقص پالیسوں کو بے نقاب کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کریں۔ امبیکا سونی نے وادی کی موجودہ غیر یقینی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ کشیدہ حالات کے بیچ جھوجھ رہے ہیں۔