علی گڑھ//علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) طلبہ یونین اور انتظامیہ کے درمیان کوئی مفاہمت نہیں ہو پائی اور طلبا یونین کا دھرنا جاری ہے ۔ ضلع مجسٹریٹ چندربھوشن سنگھ اور سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ اتل شریواستو نے بتایا کہ طلبہ یونین سے بات چیت کی جا رہی ہے جلد ہی طلبا تحریک ختم کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ اے ایم یو انتظامیہ کی طرف سے دو مئی کو ہندو جاگرن منچ کے کارکنوں کے خلاف درج کرائی گئی رپورٹ کے تحت کل ہندو جاگرن منچ کے امت گوسوامی اور یوگیش وارشني کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا۔ اے ایم یو کے اسٹوڈنٹس یونین کے صدر مشکور احمد عثمانی، سکریٹری محمدفہد نے دیر رات صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا صرف دو لوگوں کی گرفتاری سے بات نہیں بنے گی۔ اسٹوڈنٹس لیڈروں نے ایم پی ستیش گوتم کوگرفتار کرکے قومی سلامتی ایکٹ کا مطالبہ کیا ہے ۔ دریں اثنا پرانے شہر کے اپرکوٹ علاقے میں موٹر سائیکل سوار نوجوانوں نے جے شری رام کے نعرے لگا کر سنسنی پھیلا دی۔انتظامیہ نے سیکورٹی کے نقطہ نظر سے وہاں ایک ایک آر اے ایف اور پی اے سی کی کمپنی تعینات کر کے گرین اسکیم لاگو کر دی ہے ۔ اے ایم یو ترجمان شافع قدوائی نے بتایا کہ یونیورسٹی میں مجوزہ سات مئی سے شروع ہونے والے امتحانات اب 12 مئی کو ہوں گے ۔یو این آئی