نرگند//بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ نے کہا ہے کہ کانگریس کے جلسہ میں پارٹی کے ایک صدر نے وندے ماترم کو روکنے کاکام کیا ۔جو وندے ماترم کا احترام نہیں کرسکتے اورجن کے پاس اس کے لئے وقت نہیں ہے وہ دیش کا بھلا کیسے کرسکتے ہیں؟مسٹر شاہ نے کرناٹک انتخابات کے سلسلہ میں کرناٹک کے گدگ ضلع کے نرگند میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سدارامیا کی ہٹ دھرمی کے سبب ہی اس علاقہ کے عوام مہادائی کے پانی سے محروم ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی کو ووٹ دیں ۔ برسراقتدار آنے کے چھ ماہ بعد کے اندر ہی مہادائی کا پانی لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یدی یورپا کی حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ کرناٹک کو مہادائی کے دریا کا پانی حاصل ہو۔انہوں نے رشوت خوری کا کانگریس حکومت پر الزام لگایا۔انہوں نے کہا کہ سدارمیا نے چالیس لاکھ روپئے مالیت کی گھڑی پہنی تھی ۔اس سے اس بات کا اشارہ ملتا ہے کہ انہوں نے کتنی رشوت خوری کی ہے ۔ان کی حکومت کرپشن کی علامت بن گئی ہے ۔انہوں نے بی جے پی کو ایک مرتبہ موقع دینے کی خواہش کی ۔پانچ برسوں میں مودی حکومت اور یدی یورپا کرناٹک کو نمبر ون ریاست بنائیں گے ۔یواین آئی