سرینگر // سابق وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ نے بھاجپااورپی ڈی پی کوجرائم میں برابر کاشریک ٹھہراتے ہوئے کہاہے کہ محبوبہ مفتی کووزیراعلیٰ بنائے رکھنے کیلئے کشمیریوں کوخون کی قیمت چکاناپڑرہی ہے۔انہوں نے ہلاکتوں کے تسلسل کوایک لامتناعی ڈرائونے خواب سے تعبیرکرتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیرکوموجودہ پُرآشوب صورتحال سے نجات دلانے کیلئے سبھی سیاسی قوتوں کومتحدہوناپڑے گا ۔سماجی رابطہ گاہ ٹویٹرپر ٹویٹ میں عمرعبداللہ نے کہاکہ محبوبہ مفتی کووزیراعلیٰ بنائے رکھنے کیلئے کشمیریوں کوخون کی قیمت چکاناپڑرہی ہے۔انہوں نے شہری اموات کے واقعات کوسنگین جرم سے تعبیرکرتے ہوئے کہاکہ اس جرم میں بی جے پی اورپی ڈی پی برابرکی شریک ہیں ۔سابق وزیراعلیٰ کا ٹویٹ میں کہناہے کہ وزیراعلیٰ معصوم شہریوں کی ہلاکت کوبڑانقصان مانتی ہیں اورمذاکرات کی اہمیت کوبھی اُجاگرکرتی رہتی ہیں لیکن دونوں محاذوں پرموصوفہ ناکام ثابت ہوئی ہیں کیونکہ نہ توہلاکتوں کاسلسلہ رُکنے کانام لے رہاہے اورنہ ہی مذاکرات کاسلسلہ شروع ہورہاہے۔عمرعبداللہ نے وزیراعلیٰ کے برادراصغرمفتی تصدق کے بیان کہ کشمیریوں کی ہلاکت کے واقعات میں اُنکی جماعت پی ڈی پی بھی شریک ہے کاحوالہ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سے مخاطب ہوکرکہاکہ آپ کے ٹویٹ محض دھوکہ ہیں جبکہ آپ کے بھائی حق گوئی میں زیادہ دیانتدارہیں ۔