سرینگر// وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کرافٹ ڈ یزائنوں اور تشہیروں میں ریاست کے ثقافتی تواریخی اور دیگر خوبیوں کو اُجاگرکرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے تا کہ انہیں عالمی سطح کے نمونے بنانے میں مدد مل سکے۔وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار کل ریاست کے ثقافتی ورثے اور کرافٹ و ہُنر مندی کی عکاسی کے منصوبوں کا جائیزہ لینے کے دوران لیا۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم معروف ہُنر مندوں، کرافٹ ورکروں اور ریاست کے اُن دیگر لوگوں کے کام کی حوصلہ افزائی کریں جو نادر نمونے تیار کرنے میں بے مثال رول ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ان ہُنروں کی جانب راغب کرنے میں بھی مدد ملے گی۔وزیر اعلیٰ نے ایمازون اور دیگر عالمی سطح کے پلیٹ فارموں کے ساتھ اشتراک کرنے کی ہدایت دی تا کہ ریاست میں تیار کی جانے والی منفرد اشیاء کے لئے مارکیٹ کا دائرہ وسیع کیا جاسکے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کی جانب سے اس حوالے سے تحقیق کرانے کی ضرورت پر بھی زور دیا تا کہ صارفین کی پسند اور ترجیحات کے بارے میں جانکاری حاصل کی جاسکے۔ انہوں نے اس طرح کی اشیاء میں جدید طرز کے ڈیزائین متعارف کرنے پر بھی زور دیا۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ کرافٹ ڈیولپمنٹ انسٹی چیوٹ میں مقامی کارخانہ داروں اور ہُنر مندوں کے لئے متواتر طور کیمپوں کا انعقاد کیا جانا چاہئے تا کہ وہاں کے ڈیزائنوں اورٹیکنالوجی کو عام کیا جاسکے۔اس موقعہ پر معروف ڈیزائینر منیش اروڑہ نے بھی ریاست کے برانڈز کو عالمی سطح پر لے جانے اور انہیں خریدار پسند بنانے کے حوالے سے اپنی تجاویز سامنے رکھیں۔سیاحت کے وزیر تصدق مفتی، کمشنر سیکرٹری صنعت وحرفت شلیندر کمار اور کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔اس دوران ایس سی ایس ٹی کنفڈریشن کے نمائندوں کے ایک وفد نے کل ایس اندر پال سنگھ کی قیادت میں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی۔اس موقعہ پر وفد نے سماج کے ان طبقوں کے لئے مزید سکیمیں وجود میں لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اگلے ماہ منعقد ہونے کنکلیو میں شرکت کے لئے وزیر اعلیٰ کو دعوت دی۔ریاستی وزراء چوہدری ذوالفقار علی اور ٹی دورجے بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔