لیہہ //جی ایس ٹی کا اطلاق سے نہ صرف ملک بلکہ ریاست کی اقتصادیات کو بہت بڑا دھچکا لگایا ، ریاست کی مالی خودمختاری مکمل طور پر ختم ہوگئی،ہماری ریاست پہلے ہی اقتصادی بحران کی شکار تھی ، اگر کوئی کثر باقی رہ گئی تھی تو وہ اس قانون کے اطلاق سے پوری ہوگئی۔ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر عمر عبداللہ نے اپنے دورہ لیہہ کے دوران عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے حکمران جماعت پی ڈی پی کو یہاں کے قانون لاگو نہ کرنے کیلئے بہت کوشش کی لیکن حکمران گٹھ جوڑنے اپنی ڈولتی ہوئی کرسی بچانے کیلئے ریاستی عوام سے دھوکہ کیاہے۔ جی ایس ٹی کو ہماری ریاست پر بھی بالکل اُسی طرح نافذ کردیا گیا ہے جس طرح ملک کی دوسری ریاستوں میں۔ حالانکہ یہاں کے لوگوں کو بار بار یقینی دہانی کرائی تھی کہ ایسا بالکل نہیں کیا جائیگا۔ لیکن یہ سب فریب کاری تھی اور حکومت ایسا صرف عوام کو دھوکہ دینے کیلئے کررہی تھی۔ ریاست کی مالی خودمختاری کے ساتھ اس کی خصوصی پوزیشن، جس کی ضمانت آئین میں دی گئی ہے، بری طرح بگاڑ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہی نہیں بلکہ لگ بھگ سبھی سیاسی، سماجی اور تاجر انجمنوں نے جی ایس ٹی کے اطلاق کی مخالفت کی۔ لداخ کیلئے ہوائی جہازوں کے کرایہ میں بے تحاشہ اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ لداخ کا کرایہ کئی بین الاقوامی پرازوں سے بھی زیادہ ہے اور اس سے یہاں کے شعبہ سیاحت کو زبردست نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر یہ معاملہ حکام کیساتھ اُٹھائوں گا اور پارٹی صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ کے ذریعے پارلیمنٹ میں اس بارے میں جواب طلب کیا جائے گا۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس واحد ایسی عوامی نمائندہ جماعت ہے جس کی آبیاری یہاں کے تینوں خطوں کے عوام نے کی ہے اور اس جماعت نے ہمیشہ تینوں خطوں کے عوام کے ساتھ برابری کی بنیاد پر سلوک روا رکھا۔ انہوں نے کہا کہ بھاجپا اور پی ڈی پی لوگوں کے جذبات کے ساتھ استحصال کرنے کی مرتکب ہوئے ہیں اور موجودہ مخلوط حکومت کے پاس عوام کی خوشحالی اور ریاست کی تعمیر و ترقی کیلئے کوئی بھی ٹھوس ایجنڈا نہیں بلکہ یہ دونوں جماعتیں مل یہاں ریاست کے تشخص کو نقصان پہنچانے کے در پے ہیں۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ موجودہ پی ڈی پی بھاجپا حکومت نے خطہ لداخ کو ہر ایک معاملے میں نظرانداز کر رکھا ہے، 2015کے ابتداء میں حکومت کی تبدیلی کے بعد خطہ لداخ میں کہیں بھی کوئی نیا پروجیکٹ شروع نہیں کیا گیا ہے۔یہاں جو بھی پروجیکٹ زیر تعمیر ہیں یا تعمیر ہوکر مکمل ہوئے ہیں وہ سابق نیشنل کانفرنس حکومت کے دوران شروع کئے گئے تھے۔اجتماع سے پارٹی کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، ترجمانِ اعلیٰ آغا سید روح اللہ مہدی، پارٹی لیڈران تنویر صادق، شمی اوبرائے، ٹنزن پنچوک، چپک ینگ ٹکسے نے بھی خطاب کیا۔