سرینگر//تحریک حریت نے تنظیم کے چیرمین محمد اشرف صحرائی اور سینئر لیڈر محمد اشرف لایا کی مسلسل نظربندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی نظربندی کا کوئی جواز نہیں ہے، یہ حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے اور اقتدار کو قائم رکھنے کے لیے جموں کشمیر کے عوام کو قربانی کی بھینٹ چڑھانے کے لیے ہر طرح کا ظلم ڈھارہی ہے۔ ارض کشمیر کا چپہ چپہ انسانی لہو میں ڈوبا ہوا ہے۔ فورسز کی طرف سے جموں کشمیر کے عوام بالعموم اور نوجوانوں کے قتل عام کی پالیسی ایک کھلی ہوئی کتاب ہے۔۔ تحریک حریت جموں کشمیر نے عاقب گلزار بٹ ولد گلزار احمد بٹ، بشیر احمد ملک ساکنان ارن ہال اسلام آباد اور عادل احمد گاڑی شر اسلام آباد کے گھروں پر شبانہ چھاپے ڈال کر اُن کو گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن بجبہاڑہ میں نظربند رکھنے کی مذمت کی۔ اطلاعات کے مطابق پولیس نے جنوبی اور شمالی کشمیر میں بڑے پیمانے پر نوجوانوں کو گرفتار کرنے کا سلسلہ تیز کردیا۔ رات بھر شبانہ چھاپے ڈال کر جوانوں کو گرفتار کیا گیا اور خوف ودہشت پھیلادیا گیا۔