ممبئی//سانگلی ضلع کے پلوس کڑیگاوں اسمبلی سیٹ پر ہورہے ضمنی الیکشن میں شیوسینا نے کانگریس سے ہاتھ ملا کر بی جے پی کو زبردست جھٹکا دیا ہے۔ شیو سینا اس سیٹ پر اپنا امیدوار نہیں اتارے گی۔سابق وزیر پتنگ راو کدم کی موت کے بعد خالی ہوئی سیٹ پر کانگریس کی جانب سے وشوجیت کدم الیکشن لڑ رہے ہیں۔ وشوجیت کدم آنجہانی سابق وزیر کے بیٹے ہیں۔ بی جے پی نے ان کے خلاف سنگرام سنگھ دیشمکھ کو الیکشن میں اتارا ہے۔ شیو سینا نے کدم کو حمایت دیتے ہوئے کہاکہ بی جے پی کو اس سیٹ پر امیدوار نہیں اتارنا چاہئے تھا، یہی پتنگ راو کدم کو سچی خراج عقیدت ہوگی۔بی جے پی نے اس بیان پر پلٹ وار کرتے ہوئے کہاکہ اگر ایسا ہے تو شیو سینا کو بھی پال گھر لوک سبھا سیٹ پراپنا امیدوار نہیں اتارنا چاہئے کیونکہ وہ سیٹ بھی بی جے پی کے ممبرپارلیمنٹ کی موت کی وجہ سے خالی ہوئی ہے۔بھارتیہ ودیا پیٹھ کے بانی پتنگ راو کدم کا اسی سال 9 مارچ کو موت ہوگئی تھی۔ پتنگ راو نے سماجی، تعلیمی اور ریاستی علاقوں میں کئی قابل ذکر کام کئے ہیں۔