سرینگر//سکولی تعلیم ، حج واوقاف اور قبائلی امور کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کل متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ مارکیٹ کے عین مطابق پیشہ وارانہ کورس متعارف کرنے کے ساتھ ساتھ تعلیمی نظام میں جدید ٹیکنالوجی اور طور طریقوں کو بروئے کا ر لائے۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار بمنہ میں اُستاد گھر ، ایس آئی ای اور ڈائیٹ عمارتوں کا معائینہ کرنے کے دوران کیا۔ اُنہوں نے متعلقہ افسروں پر زور دیا کہ وہ روایتی تربیتی طور طریقوں کو چھوڑ کر تربیت کے جدید طریقوں کو اختیار کریں تاکہ اساتذہ کے معیار میں مزید بہتری لائی جاسکے۔ذوالفقار علی نے کہا کہ دورِ جدید میں نصاب میں ایسے کورس متعارف کئے جانے چاہئیں جن کی مارکیٹ میں کافی مانگ ہو۔وزیر نے کہا کہ اساتذہ کی حوصلہ افزائی کے لئے ریاستی سطح کے ساتھ ساتھ زونل اور ضلع سطحوں پر بھی ایوارڈ عطاکئے جائیں گے۔ اس موقعہ پر بتایاگیاکہ 8کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اُستاد گھر میں قیام و طعام کی بہترین سہولیات دستیاب ہوں گی۔آڈیٹوریم پر ہو رہے کام کا جائزہ لینے کے دوران اُنہوں نے کہا کہ 520نشستوں والے اس آڈیٹوریم کا وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں اسی ماہ افتتاح کیا جائے گا۔سیکرٹری تعلیم فاروق احمد شاہ ، ناظم تعلیم جی این ایتو اور متعلقہ محکموں کے کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔