سرینگر//کشمیر پریس کلب نے جمعہ کو عبوری صدر سلیم پنڈت کے استعفیٰ کو منظور کیاہے۔سلیم پنڈت نے ذاتی وجوہات کی بنیاد پرعبوری صدر کے عہدے سے استعفیٰ پیش کیا۔پریس کلب کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا’’ سلیم پنڈت کی طرف سے پیش کئے گئے استعفیٰ کے بعد پیدا شدہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے ایوان صحافت(کشمیر پریس کلب) کی ایگزیکٹو باڈی کی میٹنگ منعقد ہوئی جبکہ کمیٹی کو اس سلسلے میں رسمی طور پر اس سلسلے میںایک مکتوب موصول ہواجو کو منظور کیا گیا‘‘۔بیان میں کہا گیا کہ تمام ممبران نے اس دوران سلیم پنڈت کے اس کردار کو سراہا جو انہوں نے اب تک کلب کو قائم کرنے کیلئے کیا۔ایوان صحافت کا قیام وادی نشین مدیروں،صحافیوں ،نامہ نگاروں،فوٹواور ویڈیو جرنلسٹوں نے دسمبر2017میں لایا تھا۔دفتری عملے کے علاوہ مختلف صحافتی اداروں سے وابستہ7ممبران پر مشتمل ایگزیکٹو کمیٹی کو بھی نامزد کیا گیا تھااور عبوری ایڈہاک باڈی کو تشکیل دیا گیا تھا۔ ایڈیاک باڈی سرینگر میںکشمیر پریس کلب کے پہلے مرحلے کو قائم کرنے کیلئے سرکار سے تعاون کر رہی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ایڈہاک باڈی مستقل باڈی کا قیام عمل میں لانے کیلئے انتخابات کو یقینی بنائے گی۔