مظفر آباد// جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کیخلاف انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے زیر اہتمام ’’ سیمینار‘‘ کا انعقادہوا جس میںپاکستانی زیر انتظام کشمیر کے سابق صدر سردار یعقوب خان ،(ر) جنرل ،سینیٹر عبدالقیوم ، سابق ہائی کمشنر عبدالباسط، وائس چانسلر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میر پور ڈاکٹر حبیب الرحمان، وائس چیئرمین انٹرنیشنل فار جسٹس و منتظم سیمینار مشتاق الاسلام، ممبر نیشنل اسمبلی پی ٹی آئی علی محمد خان، جسٹس (ر)شریف الدین بخاری، حریت کانفرنس کے کنونیئرزغلام محمد صفی ،فیض نقشبندی ،ہیومن رائٹس ایکٹیوسٹ فرزانہ باری، پروفیسر قائد اعظم یونیورسٹی ڈاکٹر راحت زبیر، پروفیسر شاہینہ اختر، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی پروفیسر شاہینہ اختر، بیرسٹر افضال حسین، سردار عثمان عتیق، محمد الطاف وانی، محمد رفیق ڈار، شیخ تجمل اسلام، عبدالحمید لون، ، شمیم شال ، جنرل(ر) امجد شعیب دفاعی تجزیہ نگار سمیت سیاسی، سماجی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی، اس موقع پر موجود شرکاء نے کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور عالمی ادارے کے کمیشن برائے بھارت اور پاکستان کی قراردادوں جن میں عالمی ادارے نے جموں کشمیر میں رائے شماری کرنے کے ذریعے کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینے کا وعدہ کیاتھا کا حوالہ دیتے ہوئے بھارت کو اس بارے میں عالمی برادری ، پاکستان اور کشمیری عوام سے کئے گئے وعدوں کو پوارا کرنے پر زور دیا۔ مقررین نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے کشمیر میں بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی پامالیوں خاص طور پر نہتے کشمیریوں کے قتل عام اور ان پر مظالم کے تازہ واقعات ، جعلی مقابلوں ، نظر بندیوں کے ساتھ روا رکھے جانیوالے غیر انسانی سلوک، نوجوانوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے، خواتین کی بے حرمتیوں، قتل عام اور نظر بندیوں کو مقررہ تاریخوں پر عدالتوں میں پیش کئے بغیر انکی غیر قانونی نظر بندی کو طول دینے پر اظہار تشویش کیا۔ انہوں نے فورسز کی طرف سے پرامن مظاہرین کے خلاف مہلک پیلٹ گن کا استعمال کر کے کشمیریوں خاص طور پر نوجوانوں کو بصارت سے محروم کرنے اور تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران لوگوں کو قتل اور عمارتوں کو تباہ کرنے کی مذمت کی اور حریت رہنمائوں کی مسلسل نظربندی اوران پر عائد غیرقانونی پابندیوں پر افسوس کا اظہار کیا۔مقررین نے جموں کشمیر میں بھارتی شہریوں کو بسانے اوربھارتی آئین کی دفعہ370اور35Aکی منسوخی کی سازشوں کے ذریعے جموں کشمیر میں مسلمانوں کی غالب اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے بھارتی عزائم پر شدید تشویش ظاہر کی۔انہوں نے کہا کہ یہ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی پامالیاں اور کشمیریوں کی منظم نسل کشی رکوانے کیلئے اپنا کرداراداکرے۔