اننت ناگ//دیہی ترقی و پنچایتی راج کے وزیر عبدالرحمان ویری نے بجبہاڑہ میں سب ڈسٹرکٹ ہسپتال کے تعمیر کے سلسلے میں سنگ بنیاد رکھا۔ ہسپتال 14.47 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہوگا اور جے اینڈ کے پولیس ہاوسنگ کارپوریشن اس پروجیکٹ کی تعمیر عمل میں لائے گی۔ڈپٹی کمشنر اننت ناگ محمد یونس ملک ، سی ایم او اننت ناگ ڈاکٹر فاضلی کوچک ، اے سی ڈی اننت ناگ نثار احمد نثار، طبی و نیم طبی عملہ اور مقامی لوگ اس موقعہ پر موجود تھے۔سنگ بنیاد رسم رکھنے کے بعد وزیر کو اس پروجیکٹ کی تفاصیل سے آگاہ کیا گیا۔ انہیں بتایا گیا کہ مجوزہ ایس ڈی ایچ عمارت بیسمنٹ، گرائونڈ اور فسٹ فلور پر مشتمل ہوگا۔انہیں مزید بتایا گیا کہ اس عمارت کے بیسمنٹ میں بلڈ سٹوریج یونٹ کے ساتھ جنرل لیبارٹری اور بیت الخلأ ہوگا۔ اس بیسمنٹ میں ایکسرے ، الٹراسائونڈ اور ای سی جی سہولیت بھی دستیاب رہے گی۔گرائونڈ فلور میں ایمرجنسی ، ایمرجنسی وارڈ ، مائینر اوٹی ، ایم آر ڈی سیکشن ، انجکشن روم اور او پی ڈی ائیریا بھی ہوگا۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکومت تمام اہم سیکٹروں بالخصوص طبی سیکٹر میں بنیاد ی ڈھانچے کو ترقی دینے کی متمنی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں ماضی کے طبی منظر نامے کے مقابلے میں موجود ہ حکومت نے لوگوں کو اعلیٰ طبی خدمات فراہم کرنے کا تہیہ کیا ہوا ہے اور اس سیکٹر میں تبدیلی کو لوگ بہتر طریقے سے محسوس کر رہے ہیں ۔