سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ریاست کے نوجوانوں کے لئے فلم سازی اور ٹیلی ویثرن پروڈکشن کے کورس منعقد کرانے کے لئے فلم اینڈ ٹیلی ویثرن انسٹی چیوٹ آف انڈیا اور محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کے مشترکہ اقدامات کی سراہنا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی حکومت اس منفرد کوشش کو آگے بڑھانے کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار کل فلم اینڈ ٹیلی ویثرن انسٹی چیوٹ آف انڈیا کے ڈائریکٹر بھوپندر کنتھولہ جو اُن کے ساتھ ملاقات کرنے کے لئے آئے تھے، کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔اُن کے ہمراہ محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کے ناظم منیر الاسلام بھی تھے۔وزیر اعلیٰ نے جموں وکشمیر میں ایف ٹی آئی آئی کا ریجنل سینٹر قائم کرنے کی وکالت کی اور کہا کہ فلم سازی میں مقامی نوجوان کافی دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست میں ایف ٹی آئی آئی کا علاقائی مرکز قائم کرنے کا معاملہ مرکزی اطلاعات و نشریات وزارت کے ساتھ اُٹھائیں گے۔بھوپندر کنتھولہ نے وزیر اعلیٰ کو ریاست کے میڈیا پیشہ وروں کے لئے خصوصی تربیتی کورسوں کا ایک سلسلہ چلانے کے لئے ایف ٹی آئی آئی پونے اور نظامتِ اطلاعات کے باہمی اشتراک کے بارے میں جانکاری دی۔انہوں نے کہا کہ ایف ٹی آئی آئی نے ایس کے آئی ایف ٹی اقدام کے تحت پہلے ہی جموں اور سرینگر میں فلم سازی ، فلم اپری سیشن، سٹل فوٹو گرافی اور سکرین پلے لکھنے کے سرٹیفکیٹ کورسز کا انعقاد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں ایف ٹی آئی آئی ڈیجٹل سینمیٹو فراگی، ڈیجیٹل فلم پروڈکشن، ایکٹنگ، ڈیجیٹل ویڈیو ایڈیٹنگ اور ٹی وی فکشن رائٹنگ سے متعلق خصوصی کورسوں کا انعقاد کرے گا۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ ان میں سے اکثر کورس سرینگر ، جموں اور لداخ میں منعقد کئے جائیں گے تا ہم ڈیجیٹل ویڈیو ایڈیٹنگ اور ڈیجٹل سینمیٹو گرافی ایف ٹی آئی آئی پونے کیمپس میں منعقد کئے جائیں گے جن کے لئے ریاستی طُلاب کا انتخاب محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ عمل میں لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایف ٹی آئی آئی پونے ڈی آئی پی آر کے ذریعے سے ریاست کے سکولی تعلیم محکمہ کے ساتھ اشتراک کر کے سکولی سطح پر بھی ٹیلی ویثرن اور فلم پروڈکشن کے مختلف کورس شروع کرنے کے لئے تیار ہے۔بھوپندر کنتھولہ نے محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ جموں وکشمیر کی جانب سے ایف ٹی آئی آئی پونے کو ملے تعاون اور اشتراک کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس اشتراک کی بدولت ہی کامیابی کے ساتھ یہ کورس پایۂ تکمیل تک پہنچائے جاسکے۔ڈائریکٹر ایف ٹی آئی نے اس موقعہ پر سٹل فوٹو گرافی کورس کے دوران طُلاب کی جانب سے لی گئی کچھ منتخب تصاویر وزیر اعلیٰ کو پیش کیں۔