حیدرآبا// مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں انٹرنس کی اساس پر داخلوں کے مختلف شعبوں کے کورسز میں درخواستوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا۔ پروفیسر پی فضل الرحمن، ڈائرکٹر، نظامت داخلہ کے بموجب اس سال انٹرنس کی اساس کی کورسز کے لیے جملہ 10975 درخواستیں وصول ہوئیں جو گذشتہ سال 8720 کے مقابلے میں 26 فیصد زائد رہیں۔ اس میں 34 فیصد حصہ لڑکیوں کا رہا۔ واضح رہے کہ مانو میں لڑکیوں کو تمام کورسز میں سال حال سے 30 فیصد تحفظات دیئے جارہے ہیں۔ ہندوستان میں مانو واحد جامعہ ہے جہاں اردو کے ذریعہ اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کا نظم ہے۔ ان کورسز میں بی ٹیک (کمپیوٹر سائنس)، ایم سی اے، ایم ٹیک (کمپیوٹر سائنس اینڈ انجینئرنگ)، ایم ایڈ اور ڈپلوما ان انجینئرنگ امیدواروں میں کافی مقبول رہے۔ پروفیسر فضل الرحمن نے بتایا کہ ریسرچ پروگرامس کے لیے درخواستوں کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ اس سال پی ایچ ڈی کے لیے جملہ 1814 درخواستیں موصول ہوئیں جبکہ گذشتہ سال یہ درخواستوں صرف 748 ہی تھیں۔ ایچ ڈی اردو کی 9 نشستوں کے لیے 491 درخواستیں موصول ہوئیں جو تعلیمی سال2017-18 میں 203 تھیں، غیر معمولی طور پر 142 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ پی ایچ ڈی فارسی کے لیے دستیاب 6 نشستوں کے لیے 56 درخواستیں موصول ہوئیں۔ جبکہ یہ تعداد گذشتہ سال 19 تھی۔ اسی طرح پی ایچ ڈی ریاضی اور حیاتیات میں درخواستوں کی تعداد بالترتیب 62 اور 45 رہی جو گذشتہ سال ان دونوں کورسوں میں 12 ، 12 تھی۔ ان دونوں کورسوں میں بالترتیب 6 اور 7 نشستیں دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ پی ایچ ڈی کمپیوٹر سائنس کے لیے درخواست کنندوں کی کثرت دیکھی گئی۔ اس کے لیے جملہ 101 درخواستیں موصول ہوئیں۔ جو گذشتہ سال 35 تھیں۔ یونیورسٹی میں میرٹ کی بنیاد پر کورسز میں آن لائن ددرخواست داخل کرنے کا عمل جاری ہے۔ آخری تاریخ 9؍ جولائی ہے۔ مزید تفصیلات www.manuu.ac.in سے حاصل کی جاسکتی ہے۔