سرینگر// جموں وکشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جموں میں بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی فائرنگ کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں پر دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے رمضان المبارک کے مقدسمہینے کا کوئی احترام نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی بات یہ ہے کہ جہاں ہمارے ملک نے رمضان کے پیش نظر فائر بندی کا اعلان کرکے امن کے اقدامات کا آغاز کیا ، وہیں پاکستان نے اس مقدس مہینے کے تئیں کوئی احترام نہیں دکھایا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ تشدد سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ محترمہ مفتی نے اپنے دو سلسلہ وار ٹویٹس میں کہا ’جموں سرحد پر مسلسل فائر نگ باعث دکھ و تشویش ہے۔افسوس کی بات ہے کہ جب ہمارے ملک نے ماہ رمضان کے دوران فائر بندی کا فیصلہ کر کے امن عمل کے اقدامات کی پہل کی لیکن پاکستان نے اس مقدس مہینے کا احترام نہیں کیا‘۔ انہوں نے کہا ’پاکستان کو بھی پائیدار قیام امن کے لئے تعاون کرنا ہوگا۔ہر کسی کو یہ سمجھنا ہوگا کہ تشدد سے کسی کا فائدہ نہیں ہے۔میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہوں‘۔