سرینگر //جے اینڈ کے بنک سے جعلی اسناد پیش کر کے تین لوگوں کی طرف سے حاصل کئے گئے قرضے کے خلاف ایک کیس رجسٹر کیا گیا ہے ۔ کرائم برانچ کشمیر کو جے اینڈ کے بنک زونل افسر سرینگر کی طرف سے موصولہ شکایت کے مطابق فاروق احمد پنڈت ساکنہ سرینگر اکاؤنٹ نمبر ایس بی 13258 جے اینڈ کے بنک برانچ یونٹ لال منڈی سرینگر میں بحثیت میڈیکل افسر خانصاحب ایک کریڈٹ کارڈ حاصل کیا اور ایک تنخواہ سرٹیفکیٹ جس پر بی ایم او خانصاحب کے دستخط موجود تھے ، نے کریڈٹ کارڈ جس کی رقم کی حد 50 ہزار روپے تھی حاصل کیا ۔ مذکورہ شخص کے خلاف 48147 روپے بھی بقایا ہیں ۔ اسی شخص نے تین لاکھ اور دو لاکھ روپے ائیر کارگو برانچ سرینگر اور جے اینڈ کے بنک برانچ جواہر نگر سرینگر سے قرضے کی صورت میں حاصل کئے ۔ اس معاملے میں جاوید اقبال شاہ نے گارنٹر کی حثیت سے فاروق احمد پنڈت کا ساتھ دیا ۔ ان تینوں کیسوں میں فاروق احمد پنڈت نے بنک کی طرف ایک قسط بھی ادا نہیں کی اور اس طرح سے اُس نے بنک کے ساتھ دھوکہ دہی کی ۔ کرائم برانچ کشمیر نے اس سلسلے میں تحقیقات شروع کی ہے۔