مظفرآباد//بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کے دورئہ کشمیرپرمشترکہ مزاحمتی قیادت کی کال پر مظفرآباد میں پاسبان حریت اور انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ ہوا۔اس سلسلے میں ایک احتجاجی ریلی بھی برآمد ہوئی جس میں بھارت اور نریندرمودی مخالف اور آزادی کے حق میں نعروں سے فضا گونج اٹھا ۔ریلی میں شامل شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر اٹھا رکھے تھے، جن پر بھارت اور بھارتی قیادت کے خلاف مختلف نعرے درج تھے ۔ اس موقع پر مقررین نے مودی کے دورئہ کشمیر کو کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی اور اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے سے تعبیر کیا۔انہوں نے اقوام عالم سے اپیل کی کہ کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق دلوانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔مقررین میںوزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی، پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی اور انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس جموں کشمیر کے وائس چیئرمین مشتاق الاسلام سمیت کئی لیڈران شامل تھے۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے پاس کوئی قانونی یا اخلاقی جواز نہیں ہے کہ وہ آزادی کا مطالبہ کرنے کی پاداش میںجموں کشمیر کے عوام کا قافیہ حیات تنگ کرلے ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج نے آزادی مانگنے کی پاداش میں انسانیت سوز مظالم کی تاریخ رقم کررکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی کا دورئہ جموں کشمیر کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی ہے اور اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جونکنے کے مترادف ہے۔