کپوارہ //فوجی آپریشن مشروط طور پر بند کرنے کے تیسرے روز شمالی کشمیر کے ویلگام رامحال میں جاری جھڑپ میں مزید ایک جنگجو جاں بحق ہوگیا۔جھڑپ میں اب تک 4جنگجوئو ں کی ہلاکت ہوچکی ہے۔رامحال کے بالائی علاقے میں جنگجوئو ں کی موجودگی کے پیش نظر فوج نے تلاشی کارروائی کو وسعت دیتے ہوئے را جواڑ ہندوارہ کے جنگلات کا بھی محاصرہ کیا ہے۔واضح رہے کہ جمعہ کو فوج کی 15 راشٹریہ رائفلز نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر رامحال ویلگام کے حد متارکہ پر واقع شاہ نگر جاٹ گلی کے نزدیک کائو نار علاقہ میں،در اندازی کرنے والے ایک مسلح گروپ کو گھیرے میں لیا ۔بتایا جاتا ہے کہ گھنے جنگلات میں جنگجوئوں اور فوج کے درمیان جمعہ دن بھر شدید تصادم ہوتا رہا جس کے بعد شام کو تین لاشیں بر آمد کی گئیں۔سنیچر کی صبح ایک اور جنگجو کی لاش بر آمد کی گئی ۔فوج کا کہنا ہے کہ قریب 5جنگجوئوں پر مشتمل گروپ کو ہتھیار ڈالنے کی پیشکش کی گئی لیکن انہوں نے جواب میں شدید فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے ما بین گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا جو دن بھر جاری رہا جس میں اب تک 4جنگجو مارے گئے ہیں۔موسم کی خرابی اور رات کی تاریکی کی وجہ سے فوج نے تلاشی کارروائی کو روک دیا ہے۔ فوج کو خدشہ ہے کہ علاقے میں کم سے کم ابھی ایک جنگجو موجود ہے۔ علاقہ میں سپیشل آپریشن گروپ اور فوج کی بھاری جمعیت کو روانہ کیا گیا ہے۔