جگدل پور//چھتیس گڑھ کے ضلع دنتے واڑہ میں نکسلیوں کے بارودی سرنگ دھماکے میں 6 جوان ہلاک ہو گئے ، جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی نوجوان کو ابتدائی طبی امداد کے بعد رائے پور ریفر کیا گیاہے ۔ جنوبی بستر رینج کے ڈپٹی آئی جی رتن لال دانگي نے بتایا کہ کرندل- چولنار روڈ پر سڑک کی تعمیر کا کام چل رہا ہے ۔ مزدوروں اور دیگر ملازمین کی حفاظت کے لئے چھتیس گڑھ امرس فورس اور ضلع پولس فورس کا مشترکہ دستہ کرندل سے کام کے مقام کی طرف روانہ ہوا تھا، راستے میں چولنار جنگل میں گھات لگائے بیٹھے نکسلیوں نے بارودی سرنگ دھماکہ کر دیا۔ دھماکے کی زد میں آکر 5 جوان جائے حادثہ پر ہلاک ہو گئے ۔ باقی زخمی 2 جوانوں کو اسپتال لایا گیا ہے ، جہاں علاج کے دوران ایک اور اہلکار کی موت ہو گئی۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکے اتنا طاقتور تھا کہ گاڑی کے پرخچے اڑ گئے اور زمین پر دس فٹ گہرا گڈھا بن گیا ۔ گاڑی میں کل 7 جوان ہی سوار تھے ۔ نکسلی فوجی جوانوں کے ہتھیار بھی لوٹ کر لے گئے ہیں۔ خیال رہے کہ آئندہ 22 مئی کو ریاست کے وزیر اعلی ڈاکٹر رمن سنگھ یہاں کے بچیلي میں وکاس یاترا اور عوامی جلسے میں شرکت کرنے والے ہیں۔نکسلی حملے میں مرنے والے جوانوں میں ضلع پولس فورس کے ہیڈ کانسٹیبل رام کمار یادو، کانسٹیبل ٹیکیشور دھرو، اسسٹنٹ کانسٹیبل سالیگرام، وکرم یادو، کانسٹیبل راجیش سنگھ، اور کانسٹیبل ویریندر ناتھ شامل ہے ۔