مخلوط سرکار ہر محاز پر ناکام:ساگر
چار برسوں کے دوران کوئی وعدہ وفا نہیں ہوا
سرینگر// ریاستی عوام کو امن کا متلاشی قرار دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل ہند پاک دوستی میں مضمر ہے۔شہر خاص میں ایک تقریب کے دوران نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے تینوں خطوں کے لوگ امن پسند ہیںاور امن کے متلاشی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہل کشمیر صدیوں سے انسانی بھائی چارہ،مذہبی آہنگی کی مشعل فروزاں کئے ہوئے ہیں،جبکہ نیشنل کانفرنس نے بھی خطوں کی یکساں ترقی،تشخص کیلئے قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تب تک امن قائم نہیں ہوسکتا،جب تک کہ ہند وپاک مسئلہ کشمیر کو نیک نیتی سے حل کرنے کی پہل نہ کریںاور بات چیت شروع کرتے۔ اس موقعہ پر مخلوط سرکار کو ناکام قرار دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ4 برسوں کے اندر کسی بھی وعدے کو عملی جامہ نہیں پہنایاگیا۔ انہوں نے کہا کہ نہ حریت لیڈران کے ساتھ بات ہوئی اور نہ ہی پاکستان کے ساتھ بلکہ سیاسی قیدیوں کی رہائی بھی عمل میں نہیں لائی گئی۔
نوجوانوں کو پھولبانی کی طرف راغب کریں: جاوید مصطفی
جموں//پھولبانی، ڈزاسٹر منیجمنٹ، ریلیف اور باز آباد کاری و تعمیر نو کے وزیر جاوید مصطفی میر نے بھور کیمپ گارڈن میں جاری اپ گریڈیشن عمل اور پارک میں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔مقامی اقتصادیات کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے وزیر نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ مقامی نوجوانوں کو پھولبانی کو اپنے روز گار کا ذریعہ بنانے کی طرف راغب کریں۔ اس موقعہ پر وزیر کو مطلع کیا گیا کہ یہ باغ تمام موسموں میں لوگوں کی تفریح کے لئے کھلا رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ پارک پر پہلے مرحلے کا کام جاری ہے جو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے گا۔وزیر کو جانکاری دی گئی کہ پہلے مرحلے کے لئے999 لاکھ روپے مختص کئے گئے تھے جس میں سے مارچ2018 تک محکمہ نے370.37 لاکھ روپے خرچ کئے ہیں۔انہیں بتایا گیا کہ دوسرے مرحلے کا پروجیکٹ 193.93 کنال اراضی پر محیط ہوگا۔وزیر نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اس پارک میں مختلف اقسام کے پھول لگائیں تا کہ سیاحو ں اور عام لوگوں کے لئے یہ پارک دیدہ ذیب بن سکے۔دورے کے دوران ڈائریکٹر فلوری کلچر جموں ببلی رکوال، جے ڈی فلوری کلچر اور دیگر افسران بھی وزیر موصوف کے ہمراہ تھے۔
تعلیم موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل:انصاری
جموں//انفارمیشن ٹیکنالوجی، تکنیکی اور اعلیٰ تعلیم عمران رضا انصاری نے ریاست میں ماہرین تعلیم سے کہا ہے کہ وہ مشترکہ طور تعلیم کے معیار کو بلند کرنے کے لئے اپنی کوششوں میں تیزی لائیں۔وزیر موصوف ایک میٹنگ کے دوران محکمہ اعلیٰ تعلیم کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے تھے۔ میٹنگ میں کالجوں کے سربراہاں اور سنئیر افسران بھی موجود تھے۔وزیر نے پرنسپلوں سے کہا کہ وہ ریاست کے ہر علاقے میںاور ہر سطح پر تعلیمی نظام کا معیار بہتر بنانے کے لئے تمام تر کوششیں انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی کالجوں کے سربراہوں کو ملک کے معروف اداروں کے ساتھ رابطہ قائم کر کے ریاست جموں وکشمیر کے تعلیمی نظام میں بہتری لانے کے امکانات تلاش کرنے چاہئیں۔وزیر موصوف نے کہا کہ تعلیم موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس شعبۂ سے وابستہ ہر فرد کے ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے فرائض تندہی اور دیانتداری سے انجام دے۔ وزیر نے کہا کہ اس مقصد کے لئے والدین، اساتذہ اور مقامی رکن قانون سازیہ کو اعتماد میں لیا جانا چاہئے تا کہ اس اہم شعبۂ کی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔
عدالت عظمیٰ نے کرناٹک معاملے میں جمہوریت اور آئین کی لاج رکھی:ڈاکٹر فاروق
سرینگر//سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کرناٹکہ میں حکومت کی تشکیل پر فیصلے کو آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی فتح قرار دیتے ہوئے عدالت عظمیٰ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سپریم کورٹ کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے،جس کے تحت کرناٹکہ کی2 سیاسی جماعتوں نے حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا تھااور عدالت عظمیٰ نے اس پر تاریخی فیصلہ دیا۔ ڈاکٹر عبداللہ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے جمہوریت اور آئین کی بالادستی کو مقدم ٹھہرا کر ملک کے سیکولر کردار اور جمہوریت کو زندہ رکھا ہے،جبکہ طاقت اور فرقہ پرستی کو مسترد کیا ۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے بھارت میں فی الوقت فرقہ پرستی کا عروج ہے،تاہم سپریم کورٹ کے فیصلے نے ملک کے سیکولر کردار پر آنچ نہیں آنے دی۔
منشیات مخالف مہم: کولگام میںبرائون شوگر برآمد،شہری گرفتار
سرینگر//منشیات مخالف کاروائی جاری رکھتے ہوئے کولگام پولیس نے ایک شخص کے قبضے سے 18گرام برائون شوگر ضبط کیا ہے اورمذکورہ شخص کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔ ا یس ایس پی کولگام ہرمیت سنگھ کی ہدایت پر ایس ایچ او قاضی گنڈ تنویر احمد کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے اَپر بازار قاضی گنڈ کے قریب ناکہ لگایا اورایک مشتبہ شخص شہزاد احمد پڈر عرف شاہ لال ساکن مالون دیوسر کو روک کر تلاشی لی جس دوران اُس کے قبضے سے 18گرام برائون شوگر برآمد ہوا۔
مودی کا بیان حقیقت سے کوسوں دور:مسلم لیگ
سرینگر//مسلم لیگ نے وزیراعظم نریندرمودی کے بیان کو زعم باطل سے تعبیر کیا ہے۔لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے کہا ہے کہ اپنے دورئہ کشمیر کے دوران جس صورتحال کا سامنا نریندر مودی کو کرنا پڑا وہ اس کے لئے چشم کُشا ہے۔انہوں نے کہا کہ پورے کشمیر کو فوجی چھاونی میں تبدیل کرکے لوگوں کے عبور ومرور پر قدغن لگانا اور عوام کو گھروں میں محصور کر کے چند لوگوںکے سامنے کشمیر کو دلی کا ستارہ کہنا نہایت آسان ہے مگر عملی طور یہ اتنا ہی مشکل ہے جتنا رات کو دن اور زمین کو آسمان بنانے میں مشکل ہے ۔سجاد ایوبی نے کہا کہ جموں کشمیربین الاقوامی نوعیت کا حل طلب مسئلہ ہے ۔
سانحہ حول سے متعلق رپورٹ کل منظرعام پرآئے گی:اونتو
سرینگر// انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو نے کہا ہے کہ شہدائے حول اور اس سانحہ سے متعلق مفصل رپورٹ ہڑتال کے پیش نظر اب22مئی کو منظر عام پر لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ رپورٹ میں کیس کی موجودہ ہیت اور ماضی میں پیش آئے قانونی معاملات کا ذکر کیا گیاہے جبکہ اس کے علاوہ کئی اوررپورٹیں بھی شامل کی گئی ہیں۔
آر پار شیلنگ: منیال نے طبی سہولیات کا جائیزہ لیا
جموں//صحت و طبی تعلیم کے وزیر دیوندر کمار منیال نے ایک میٹنگ کے دوران آر ایس پورہ، ارنیہ اور سانبہ علاقوں میں کراس بارڈر فائیرنگ کے نتیجہ میں زخمی افراد کو فراہم کی جارہی طبی سہولیات کا جائیزہ لیا۔وزیر نے میک شفٹ کیمپوں کی تفصیلات جاننے کے لئے افسروں سے کہا کہ وہ متاثرہ دیہات سے لوگوں کو محفوظ مقامات کی جانب منتقل کریںا ور وہاں ان کے لئے راشن، بجلی اور پینے کے پانی کی سہولیات بہم رکھیں۔اس موقعہ پر وزیر موصوف کو بتایا گیا کہ ان علاقوں میں قائم تمام طبی مراکز پر بہتر طبی سہولیات دستیاب کرھی گئی ہیں جن میں مفت دوائی فراہم کرنے کے پالیسی پر بھی عمل کیا جارہا ہے۔میٹنگ میں ضلع انتظامیہ کے افسروں کے علاوہ محکمہ صحت کے سنیئر ڈاکٹروں نے شرکت کی۔اس سے قبل وزیر نے جی ایم سی جموں جاکر کراس بارڈر فائیرنگ میں ہوئے زخمیوں کی مزاج پُرسی کی۔
سیز فائر کے دعوے کھوکھلے
بزرگوں کی قید وبند مذموم:تحریک حریت
سرینگر//تحریک حریت نے تنظیم کے لیڈرشاہ ولی محمد اور حاجی محمد رستم بٹ سوپور کے گھروں پر شبانہ چھاپے ڈال کر ان کو گرفتار کرکے تھانے میں بند کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی گرفتاری بلا جواز ہے اور دونوں بزرگوں کی گرفتاری حکومتی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے۔ پی ڈی پی مخلوط حکومت کی سربراہ محبوبہ مفتی سے پوچھا جاسکتا ہے کہ ایک طرف آپ کہتی ہیں سیز فائر کی وجہ سے جموں کشمیر کے عوام گزشتہ تین روز سے امن وسکون سے سورہے ہیں، لیکن حقیقت حال یہ ہے کہ فورسز نے تو لوگوں کا امن وسکون ہی چھینا۔ ماہ رمضان کے تقدس اور احترام کا ڈھنڈورا پیٹنے والوں سے پوچھا جاسکتا ہے کہ شاہ ولی محمد85سالہ بزرگ حاجی محمد رستم بٹ 75سالہ بزرگ کے ہاتھ میں کون سی بندوق تھی جس کے جرم میں ان علیل بزرگوں کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ہم یہ بات پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ شاہ ولی محمد کی اہلیہ مہلک بیماری کینسر میں مبتلا ہے، جبکہ اسی بیماری کی وجہ سے وہ گھر میں گر کر ہڈیوں کے فریکچر کا بھی شکار ہوئی اور حال ہی میں برزلہ اسپتال میں اُن کا آپریشن بھی ہوا۔ گھر میں شاہ صاحب کے بغیر کوئی تیمار داری کرنے والا نہیں ہے، جبکہ حاجی محمد رستم بٹ بھی مختلف عارضوں میں مبتلا ہیں۔ بنیادی طور حکمران جماعت فرقہ پرست بھارتی حکومت کے ہاتھوں میں کھیل رہی ہے اور پولیس کے چند افسران بھی ان فرقہ پرست عناصر کی ایماء پر اسلام پسندوں اور آزادی پسندوں کا گھیرا تنگ کررہی ہے اور اسلام پسندوں کو پُرامن طریقے پر کام کرنے کیلئے جگہ Spaceفراہم نہیں کررہی ہے۔ تحریک حریت نے پولیس کی اس طرح کی کارروائیوں کی مذمت کی۔
دورئہ مودی بے سود ثابت:میر/ناصر/تاریگامی
کہا اعتماد سازی کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا گیا
سرینگر // دورۂ وادی کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کے دئے گئے بیان کومحض کاغذی گھوڑے دوڑانے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ زمینی سطح پر بدلائو کیلئے ایسے بیانات کو عملی جامہ پہنانے کی ضرورت ہے۔پردیش کانگریس صدر غلام احمد میر نے کہا ’’وزیر اعظم نریندر مودی کے دورۂ وادی میں کوئی خاص بات نہیں تھی۔ پروجیکٹوں کا افتتاح یا سنگ بنیاد رکھنا کوئی بڑی بات نہیں ہے بلکہ یہ معمول کا کام ہے۔ میرا ماننا ہے کہ وزیر اعظم کے دورے میں ریاست کے تینوں خطوں کے لیے کچھ خاص نہیں تھا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو وادی کا دورہ کرنے سے قبل پی ڈی پی اور بی جے پی کے درمیان تشکیل دئے گئے ایجنڈا آف الائنس کا جائزہ لینے کے علاوہ مرکزی سرکار کی جانب سے نامزد مذاکرات کار کی کارکردگی پر سیر حاصل بحث کرنی چاہیے تھی تاکہ ان کی روشنی میں وزیر اعظم مستقبل کا لائحہ عمل طے کرتے۔ نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر ناصر اسلام وانی نے بتایا ’’ریاستی عوام نے اس سے قبل بھی اس طرح کی تقاریر سنی ہیں مگر تاایں دم زمینی سطح پر کوئی بڑی تبدیلی دیکھنے کو نہیں مل رہی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ’’ ایسے بیانات صرف کاغذی گھوڑے دوڑانے کے مترادف ہے اور ایسی تقریر کرنے سے کچھ بھی تبدیلی واقع نہیں ہوتی، ضرورت اس بات کی ہے کہ ان الفاظ کو عملہ جامہ پہنایا جائے‘‘۔سی پی آئی ایم لیڈر اور ایم ایل اے کولگام محمد یوسف تاریگامی نے بتایا کہ ایسے بیانات دینے سے کوئی مطلب نہیں نکلے گا۔انہوں نے کہا کہ بہتر رہتا اگر وزیر اعظم جنگ بندی معاہدے کے بعد مسائل کو احسن طریقے سے سلجھانے کے لیے سیاسی پہل کا آغاز کرتے۔انہوں نے کہا ہم اُمید کرتے تھے کہ موصوف یہاں دورے کے دوران یک طرفہ جنگ بندی میں مزید جان ڈالنے کے لیے سیاسی پہل کی شروعات کا اعلان کرتے تاکہ اعتماد سازی کے اقدامات کو فروغ مل پاتا۔
قربانیوں کی حفاظت ہر صورت میں لازمی:تحریک مزاحمت
سرینگر//تحریک مزاحمت کے ترجمان شبیر احمد زرگر نے ہندوارہ معرکہ آرائی کے دوران جاں بحق ہونے والے چار عسکریت پسندوں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قوم پاکستان اور دوسرے مسلمان ممالک کے ان غیور نوجوانوں کی احسان مند ہے جوبھارت کے خلاف جنگ میں ہماری عملی حمایت کرتے ہوئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم ہر صورت میںان قربانیوں کی حفاظت کا پاس و لحاظ رکھیں۔ شبیر زرگر نے سوپور میں سی آر پی ایف کی طرف سے پرامن مظاہرین پر طاقت کے بے تحاشا استعمال کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کو کشمیریوں کے خون کی لت لگ چکی ہے۔ انہوں نے اس واقع میں زخمی ہوے 9 سالہ بچہ رضوان احمد کی جلد صحتیابی کی دعا کی ۔
ڈاکٹر ابوالاعلیٰ کی خدمات ناقابل فراموش
پیپلز پولٹیکل فرنٹ کے اہتمام سے برسی پر دعائیہ مجلس
سرینگر//پیپلزپولٹیکل فرنٹ نے حریت کے سینئر قائد اورپارٹی کے سابق نمائندہ مرحوم ڈاکٹرابوالاعلیٰ کی پہلی برسی پر انہیں خراج عقیدت ادا کیا۔ترجمان کے مطابق صورہ میں تنظیم کے سرپرست فضل الحق قریشی کی صدارت میں ایک دعائیہ مجلس کا اہتمام کیاگیاجس میںفرنٹ چیئرمین محمد مصدق عادل کے علاوہ مرکزی اور ضلعی ذمہ داراں و کارکناں نے بھی شرکت کی۔فضل الحق قریشی نے انہیں یاد کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک باصلاحیت ڈاکٹر ہونے کے علاوہ پیدائشی طور ایک سنجیدہ حریت پسند تھے، جس نے اپنی زندگی کی تمام ساعتوں کو اپنی قوم کی آزادی اور بہبودی میں صرف کیا اور جس کے لئے انہیں بہت سارے مشکلات اور مصائب کا سامنا کرنا پڑا۔ انہیں کئی بار بھارتی فورسز کے عذاب وعتاب کا بھی سامنا کرنا پڑا اور متعدد مرتبہ جیل کی صعوبتوںسے بھی گزرنا پڑا یہاں تک کہ بالآخر ہجرت کرکے پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں پناہ لینے کی ضرورت پڑی۔ مرحوم نے اپنے چوبیس برس مہاجرت کے عالم میں بھی فرنٹ کے نمائندے کی حیثیت سے رواں تحریک آزادی کشمیر کی قابل فخر خدمت کی بلکہ ایران، عراق اور سعودی عرب کے علاوہ افریقی ممالک میں جاکر بھی تحریکِ آزادی کشمیر کی نمائدگی کی۔ جس کے لئے یقینی طور قوم انہیں ہمیشہ کے لئے یاد رکھے گی۔