سرینگر//اونتی پورہ پولیس نے ٹویٹر پر افواہیں پھیلانے کے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے سشیل پنڈت نامی ٹویٹر ہینڈل کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 49/2018زیر دفعہ 505آرپی سی کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔ پولیس حکام کی جانب ٹویٹر انڈیا کے اعلیٰ حکام کو مذکورہ شخص کی تفصیلات فراہم کرنے کے سلسلے میں آگاہ کیا گیاتاکہ اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائیگی۔پولیس ذرئع کے مطابق سشیل پنڈت نامی شہری نے اپنے ٹویٹر پر پانپور میں جنگجو حملے میں 5اہلکاروں کی ہلاکت کا دعوی کیا تھا جسے پولیس نے فورا مسترد کیا اور اسے جھوٹ اور افواہ قرار دیا ۔اس سلسلے میں فوری کارروائی کرتے پولیس نے مذکورہ ٹویٹر ہینڈل کے خلاف کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے ۔ٹیلی ویژن چینلوں پر کشمیر اور مسلم مخالف بیانات دینے کیلئے مشہور سشیل پنڈت نے حا؛لیہ سیز فائر کی شدید مخالفت کی ہے اور اسی تناظر میں اس نے پانپور میں جنگجو حملے کی افواہ پھیلائی ۔اس سلسلے میں عمر عبداللہ نے بھی سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر لکھا کہ ’’یہ خبر کسی اور جگہ نہیں تھی اور اس سے ثابت ہوا کہ یہ جھوٹی خبر تھی ۔سب سے بڑی توجہ طلب بات یہ تھی کہ سشیل پنڈت نے اپنے ٹویٹر پر لکھا کہ’’مسلم دہشت گردوں نے ہندو سی آر پی ایف جوانوں کو مار ڈالا‘‘۔اس طرح کے سفید جھوٹ پھیلانے والے کے خلاف قانونی کاروائی ہونی چاہئے ۔