نئی دہلی، 22 مئی (یو این آئی) تینوں فارمیٹ میں ہندستانی کپتان اور دنیا کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک وراٹ کوہلی کو آئی پی ایل 11 میں لیگ مرحلے کے بعد کرک انفو کی چنی گئی آئی پی ایل الیون میں جگہ نہیں ملی ہے ۔کرک انفو نے اسمارٹ اسٹیٹس استعمال کرتے ہوئے 2018 آئی پی ایل لیگ مرحلے کی کارکردگی کی بنیاد پر الیون کا منتخب کیا ہے لیکن اس میں وراٹ کو جگہ نہیں مل پائی ہے ۔وراٹ کی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور پلے آف میں نہیں پہنچ پائی ہے ۔وراٹ نے لیگ مرحلے میں 14 میچوں میں 48.18 کی اوسط سے اور 139.10 کے اسٹرائک ریٹ سے اپنی ٹیم میں سب سے زیادہ 530 رن بنائے ہیں جس میں چار نصف سنچری شامل ہیں ۔لیکن وراٹ اپنی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے الیون میں نہیں پہنچ پائے ۔آئی پی ایل الیون میں کنگز الیون پنجاب کے لوکیش راہل اور پنجاب کے اینڈریو ٹائی، کولکاتا نائٹ رائڈرس کے سنیل نارائن اور دنیش کارتک، سنرائزرس حیدرآباد کے کین ولیم اور راشد خان، دہلی ڈئیر ڈیولس کے رشبھ پنت، چنئی سپر کنگ کے امباٹي رائیڈو اور مہندر سنگھ دھونی، رائل چیلنجرز بنگلور کے امیش یادو اور ممبئی انڈینس کے جسپریت بمراہ شامل ہیں ۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اس الیون میں تین وکٹ کیپر بلے بازوں پنت، کارتک اور دھونی کو رکھا گیا ہے ۔اگرچہ وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری دھونی پر رکھی گئی ہے ۔حیدرآباد کے کپتان ولیم اس الیون کے کپتان بنائے گئے ہیں۔حیدرآباد کی ٹیم لیگ مرحلے میں سب سے اوپر رہتے ہوئے پلے آف میں پہنچی ہے ۔پلے آف کی دیگر تین ٹیمیں چنئی، کولکتہ اور راجستھان ہیں ۔آئی پی ایل الیون میں منتخب کئے گئے کھلاڑیوں میں اوپننگ کیلئے پنجاب کے راہل اور کولکاتا کے نارائن کو رکھا گیا ہے ۔راہل نے لیگ مرحلے میں 54.91 کے اوسط سے 659 رن بنائے ۔ نارائن نے 327 رن بنانے کے علاوہ 16 وکٹ بھی حاصل کئے ۔کپتان ولیمسن نے 60 کے اوسط سے 661 رن بنائے جن میں آٹھ نصف سنچری شامل ہیں ۔ چوتھے نمبر پر موجود رائیڈو نے 45 کے اوسط سے 586 رن بنائے جبکہ پلے آف سے باہر رہی دہلی کی ٹیم کے رشبھ پنت نے 684 رن بنائے اور لیگ مرحلے میں وہ ٹاپ اسکورر رہے ۔کولکتہ کے کپتان دنیش کارتک نے اپنی شاندار فارم جاری رکھتے ہوئے 438 رن بنائے ۔انہوں نے اس سیزن میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتوحات میں ناٹ آوٹ 35، ناٹ آؤٹ 42، 23، ناٹ آؤٹ 45 اور ناٹ آؤٹ 41 جیسی اننگز کھیلیں۔اس سیزن میں زبردست کارکردگی دکھانے والے چنئی کے کپتان دھونی نے 89.20 کے زبردست اوسط سے 446 رن بنائے اور ان کا اسٹرائک ریٹ 157 کا رہا۔ان کی ڈیتھ اووروں کی بلے بازی شاندار رہی اور وہ اپنے فنشر کے کردار میں دوبارہ لوٹ آئے ۔دھونی نے ڈیتھ اوور میں کل 297 رن بنائے ۔افغانستان کے 18 سال کے نوجوان لیگ اسپنر نے 6.65 کے اکونومي ریٹ سے 16 وکٹ لے کر حیدرآباد کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا جبکہ پنجاب کے تیز گیند باز اینڈریو ٹائی نے لیگ مرحلے میں سب سے زیادہ 24 وکٹ حاصل کئے ۔انہوں نے اس سیزن میں چار یا اس سے زیادہ وکٹ تین بار حاصل کئے ۔بنگلور کے فاسٹ بولر امیش یادو کے حصے میں 20 وکٹ رہے جبکہ ممبئی کے یارکر مین بمراہ نے 17 وکٹ حاصل کئے ۔آئی پی ایل الیون : لوکیش راہل، سنیل نارائن، کین ولیمسن (کپتان)، امباٹي رائیڈو، رشبھ پنت، دنیش کارتک، مہندر سنگھ دھونی (وکٹ کیپر)، راشد خان، امیش یادو، جسپریت بمراھ، اینڈریو ٹائی۔